انڈر23 خیبرپختونخوا گیمز، کوہاٹ ریجن میں خواتین مقابلے اختتام پذیر

ڈسٹرکٹ کوہاٹ نے پہلی ، کرک نے دوسری اور ہنگو نے تیسری پوزیشن حاصل کی

اتوار 26 فروری 2017 18:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2017ء) نڈر23خیبر پختونخوا گیمز سلسلے میں خواتین کے انٹر ڈسٹرکٹ مقابلے کوہاٹ ریجن میں اختتام پذیر ہوگئے ،ان مقابلوں میں ڈسٹرکٹ کوہاٹ نے دس گولڈ دو سلور میڈلز جیت کر 114 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی ، ڈسٹرکٹ کرک نے دو گولڈ پانچ سلور میڈلز کے ساتھ 55 پوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ ڈسٹرکٹ ہنگو ایک گولڈ، پانچ سلور میڈلز جیت کر 45 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی ، اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل سپورٹس خیبرپختونخوا رشیدہ غزنوی مہمان خصوصی تھی جنہوں نے کھلاڑیوں ٹرافیاں ، میڈلزاور کیش انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرکوہاٹ سکندر شاہ ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر کرک محمد اسماعیل،ڈی ایس او ہنگو نصیر خان،صوبائی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر فقیر محمد اعوان ، ایڈمن آفیسر جعفرشاہ، آرگنائزنگ سیکرٹری حامد خان سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ۔

(جاری ہے)

انصاف سپورٹس پروگرام کے تحت ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام خواتین کے انٹر ڈسٹرکٹ مقابلوں کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئے جس میں ہنگو، کرکٹ اور ڈسٹرکٹ کوہاٹ کے چھ سو سے زائد خواتین کھلاڑیوں نے تیرہ مختلف گیمز میں حصہ لیا ۔آخری روز کھیلے گئے کرکٹ کے فائنل میں کوہاٹ نے ہنگو کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پانچ رنز سے شکست دی ، کوہاٹ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 75 رنز بنائے جس میں بینش 19 ، عائشہ 16 اور ملائیکہ 12 رنز کے ساتھ نمایاں رہی ،ہنگو کی طرف سے مہرین نے دو، کلثوم نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

جواب میں مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ہنگو کی ٹیم سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کے بعد 70 رنز بناسکی ۔ کلثوم 24 رنز کے ساتھ نمایاسکور رہی ، ہاکی میں کوہاٹ نے ہنگو کو پنلٹی سٹروک کے ذریعے پانچ تین سے شکست دی ، دونوں ٹیموں کے مابین میچ مقررہ وقت تک ایک ایک گول سے برابر رہا جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنلٹی سٹروک کے ذریعے کیاگیا۔ اسی طرح والی بال کے فائنل ہنگو نے کوہاٹ کو 25-16-19-25 اور 25-21 سے شکست دیکر ٹرافی حاصل کی ۔

کرک کی ٹیم نے ٹیبل ٹینس میں کوہاٹ کو گیارہ چھ ، گیارہ ساتھ اور گیارہ نو سے ہرایا ، بیس بال میں کرک نے کوہاٹ کو پانچ کے مقابلے آٹھ رنز سے شکست دی ،ایتھلیٹکس میں کوہاٹ نے پچاس پوائنٹس کے ساتھ پہلی ، کرک نے پچیس پوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ ہنگو کی ٹیم چودہ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی ، بیڈمنٹن میں کوہاٹ نے ہنگو کو 21-15,21-19 اور 21-16 سے شکست دیکر ٹرافی حاصل کی ۔

دوروزہ مقابلوں میں کوہاٹ نے کرکٹ، نٹ بال ، ہاکی ، سکواش، بیڈمنٹن،ایتھلیٹکس،جوڈو، ہینڈ بال اور رسہ کشی نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ والی بال، ٹیبل ٹینس، بیس بال میں دوسری نمبر پر رہی ،ڈسٹرکٹ کرک نے ٹیبل ٹینس اور بیس بال میں پہلی ، نٹ بال ، باسکٹ بال، سکواش، ایتھلیٹکس، اور ہینڈ بال میں دوسری پوزیشن حاصل کی ۔ ڈسٹرکٹ ہنگو نے واحد گولڈوالی بال میں حاصل کی جبکہ ہاکی ، بیڈمنٹن، جوڈو اور رسہ کشی میں دوسرے نمبر پر رہی ۔

آخر میں مہمان خصوصی نے تمام فاتح کھلاڑیوں میں ٹرافیاں میڈلز اور کیش انعاما تقسیم کئے ونر کو بیس ہزار جبکہ رنر اپ ٹیم کو پندرہ ہزار روپے دیئے گئے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزیر کھیل محمود خان ، سیکرٹری سپورٹس طارق خان ، ڈپٹی سیکرٹری سپورٹس عادل صافی کی کوششوں کی بدولت صوبے میں انڈر23 خیبرپختونخوا گیمز بھرپور انداز کے ساتھ جاری ہے جس میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کھلاڑیوں کو بھی یکساں مواقع اور سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچائی جارہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کھیلوں کے انعقاد کیلئے ہرسطح پر آواز اٹھانے کیساتھ ساتھ انکے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیںاور کھیلوں میں ان کی شرکت کو یقینی بنایا تاکہ خواتین زیادہ سے زیادہ آگے آئیں اور نیا ٹیلنٹ سامنے آسکے ۔

متعلقہ عنوان :