پا نا مہ کا فیصلہ کچھ بھی ہو عوام حکمرانوں کے مکروہ چہرے جان گئے‘محمودالرشید

ملک میں سیاسی نوکریاں بانٹنے، سفارش اور کمیشن سفارش کلچر مسلم لیگ (ن) نے متعارف کرایا شہباز شریف بلند و بالا دعوے تو کرتے ہیں صوبہ میں عوام کو بنیادی انسانی حقوق دینے میں مکمل ناکام رہے‘صحافیوں سے گفتگو

اتوار 26 فروری 2017 18:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2017ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا کہ ملک میں سیاسی نوکریاں بانٹنے، سفارش اور کمیشن سفارش کلچر مسلم لیگ ن نے متعارف کرایا، تحریک انصاف ہی وہ واحد جماعت ہے جس نے سٹیٹس کو اور کرپشن فری پاکستان کیلئے جدو جہد کی، پا نا مہ کا فیصلہ کچھ بھی ہو عوام حکمرانوں کے مکروہ چہرے جان گئے، پنجاب میں سب اچھا نہیں، شہباز شریف بلند و بالا دعوے تو کرتے ہیں لیکن عوام کو صاف پانی، تعلیم اور صحت سمیت بنیادی انسانی حقوق دینے میں مکمل ناکام رہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب پبلک سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ پولیس بل سے متعلق سوال کے جواب میں میاں محمود الر شید نے کہا کہ حالیہ دہشت گردی کے واقعات اور گزشتہ ایک سال میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال انتہائی تشویشناک رہی، رواں ماہ جڑا نوالہ سے چار سے پانچ اور سمندری فیصل آباد سے نو قیدی پولیس حراست سے فرار ہوئے، اس سے پیچھے چلے جائیں تو چھو ٹو ڈکیت گینگ کے آگے پولیس بے بس تھی،2016کے دوران سات سے کے قریب بچے اغوا ء ہوئے، خواتین کیخلاف جرائم اور ڈکیتی و چوری کے واقعات کی شرح بھی پنجاب میں سب سے زیادہ رہی، ایسے حالات میں پولیس کے محکمے میں اصلاحات نا گزیر ہیں، تحریک انصاف کا بل قطعی سیاسی نہیں، اس مفاد عامہ اور خود پولیس کو سیاسی چنگل سے آزاد کرانے کیلئے جمع کرایا، اس کی منظوری کیلئے دیگر اپوزیشن جماعتوں سے ملکر حکومت کو قائل کریں گے۔

(جاری ہے)

پنجاب میں گڈ گورننس سے متعلق سوال کے جواب میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے کہا کہ صرف پل اور سڑکیں بنانا کام نہیں، پنجاب میں سب سے زیادہ مسلم لیگ ن نے حکومت کی اور کس قدر افسوس کی بات ہے پنجاب میں70فیصد سے زائد آبادی گندا پانی پینے پر مجبور ہے، ہسپتالوں میں صورتحال انتہائی نا گفتہ بہ ہے، ایک ایک بیڈ پر تین تین مریض لیٹے ہیں، کسان ہوں، طلبہ، اساتذہ، ڈاکٹر، پیرا میڈیکل سٹاف یا سرکاری ملازم ہر طبقہ سراپا احتجاج اور اپنے جائز مطالبات کیلئے سڑکوں پر ہے، نندی پور پاور پراجیکٹ ہو، میٹرو بس، سستی روٹی سکیم، لیپ ٹاپ پروگرام، دانش سکول سمیت پنجاب حکومت کا ہر منصوبہ ادھورا رہا اور ہر منصوبے میں کرپشن اور مالی بے ضابطگیاں سامنے آئیں، خان پور ہائیڈرو پاور منصوبہ چند روز پہلے ہی اس وقت نہر بدر ہو گیا جب آزمائشی بنیادوں پر نہر میں پانی چھوڑا گیا۔

جعلی ادویات کی فروخت میں پنجاب سرفہرست ہے، عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں نزلہ زکام سے لیکر کینسر تک کی جعلی ادویہ اور نشہ آور ٹیکے عام دستیاب ہیں، سب سے زیادہ حکمرانی کرنے والی جماعت مسلم لیگ ن ہے لیکن بد قسمتی سے عوام آج صحت، تعلیم ، صاف پانی اور روزگار جیسے بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں میاں محمود الر شید نے کہا کہ کہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ کی تلاشی کا عمل شروع ہے نا اہلی ریفرنس مسترد کئے جانے کے بعد ختم نہیں ہو گیا جلد عدالت میں چیلنج کرینگے۔

متعلقہ عنوان :