سرکاری افسران حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کو یقینی بنائیں،ساجد جمال ابڑو

اتوار 26 فروری 2017 18:01

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2017ء) ڈویزنل کمشنر حیدرآباد ساجد جمال ابڑونے کہا ہے کہ سرکاری افسران حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کو یقینی بنائیں اور محنت اور ایمانداری سے اپنے فرائض منصبی ادا کریں۔وہ گذشتہ رات ڈپٹی کمشنر حیدرآباد معتصم عباسی کی جانب سے ڈی سی ہائوس میں اپنے اعزاز اور حیدرآباد سے رخصت ہونے والے ڈویزنل کمشنر قاضی شاہد پرویز(جو کہ اب سیکریٹری داخلہ سندھ مقرر کیے گئے ہیں) کے اعزاز میں دیے گئے ایک عشائیہ سے خطاب کررہے تھے۔

ڈویزنل کمشنر نے امیدظاہر کی کہ حیدرآبادکے افسران پر مشتمل ٹیم اپنے فرائض تندہی سے انجام دیتی رہے گی اور ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے اس موقع پر حیدرآباد کے سابقہ ڈویزنل کمشنر قاضی شاہد پرویزکے ڈویزن کی تعمیر و ترقی میں کردار کو سراہااور کہا کہ ان کے تمام اچھے کاموں اور پالیسیوں کو جاری رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابقہ ڈویزنل کمشنر قاضی شاہد پرویزنے کہا کہ تنہاشخص کچھ نہیں کرسکتا،ان کی خوش قسمتی رہی کہ انہیں ڈویزن میں افسران کی اچھی ٹیم میسر آئی جس کی بدولت انہوں نے کئی چیلنجز کا خندہ پیشانی سے سامنا کیا۔

اس موقع پرمیئر حیدرآبادسیدطیب حسین نے کہا کہ انھیں قاضی شاہد پرویزکے ساتھ چند ماہ کام کرنے کا موقع ملاجس میں انھیں ایک اچھااورمعاملہ فہم افسر پایا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے ڈویزنل کمشنر ساجد جمال ابڑوبھی ایمانداری اور فرض شناسی سے حیدرآباد کی تعمیر و ترقی کے لیئے اپنے فرائض انجام دینگے ۔ تقریب سے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد معتصم عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قاضی شاہد پرویزنے ڈویزنل کمشنر حیدرآباد کی حیثیت میںاہم خدمات انجام دیںاور ان کی رہنمائی اور سرپرستی میںضلع حیدرآباد میںپیش آنے والے مسائل کے حل میںکافی مدد ملی اور ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقعہ ملا ۔

اس موقع پر سابقہ کمشنر قاضی شاہد پرویز اور نئے کمشنر حیدرآباد ساجد جمال ابڑو کوڈی آئی جی حیدرآباد خادم حسین رند، ایڈیشنل کمشنر ون سجاد حیدر اور دیگر افسران کی جانب سے سندھ کا روایتی تحفہ ٹوپی اور اجرک و دیگر تحائف بھی دیے گئے۔تقریب میں ڈویزنل ڈائریکٹر اطلاعات حیدرآباد خورشید علی شیخ،حیدرآباد ڈویزن کے ڈپٹی کمشنرز ، کمشنرز،ڈی ایچ او حیدرآباداحمد حیدرو دیگر متعلقہ افسران کے علاوہ حیدرآبادکی اہم شخصیات نے شرکت کی۔