پبلک ایڈ کمیٹیوں کو نچلی سطح پر منظم کیا جائے، عبد الجمیل خان

لوگ مسائل کا شکار ہیں، عوامی مسائل کے حل کیلئے پوری قوت کے ساتھ کام کیا جائے، پبلک ایڈ کمیٹی ضلع بن قاسم کے ذمہ داران سے گفتگو

اتوار 26 فروری 2017 17:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2017ء) عوامی مسائل کے حل کیلئے پوری قوت کے ساتھ کام کیا جائے۔ پبلک ایڈ کمیٹیوں کو نچلی سطح پر منظم کیا جائے۔ عوام شدید پریشانی ومشکلات کا شکار ہیں۔ جماعت اسلامی کی پبلک ایڈ کمیٹی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کام کرے۔ یہ بات جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے امیر عبد الجمیل خان نے پبلک ایڈ کمیٹی کے ذمہ داران کی خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر پبلک ایڈ کمیٹی ضلع بن قاسم کے صدر اختر قریشی ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ عبد الجمیل خان نے کہا کہ کورنگی لانڈھی سمیت پورا شہر گندگی اور غلاظت کا ڈھیر بن چکا ہے۔ سیوریج سسٹم ناکارہ ہوچکا ہے اور گلی گلی میں گٹر ابل رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا، سنگر چورنگی، ویٹا چورنگی اور بلال چورنگی میں مین روڈ پر کئی کئی فٹ گہرے گڑھے پڑے ہوئے ہیں اور ہیوی ٹریفک ودیگر گاڑیاں حادثات کا شکار ہورہی ہیں۔

پانی کے بحران میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ لوگوں کو پینے کا پانی بھی دستیاب نہیں۔ موسم گرما کی آمد کے ساتھ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ شروع ہوگئی ہے۔ اسٹریٹ کرائمز، چوری، ڈکیتی، رہزنی کی وارداتیں میں مستقل اضافہ ہورہا ہے۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ بلدیاتی انتخاب کو ایک سال کا عرصہ ہوا چاہتا ہے لیکن بلدیاتی ادارے غیر فعال ہیں اور عوام کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا جارہا۔ انہوں نے کہا کہ پبلک ایڈ کمیٹی گلیوں اور محلے کے مسائل کے حل کیلئے کام کرے اور عوام کی مشکلات کو دور کیا جائے۔