اسلام آباد میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ایل ای ڈی سٹریٹ لائٹیس نصب کرنے کے منصوبے پر ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے ،ْ شیخ انصر

اسلام آباد کی تمام چالیس ہزار پرانی لائیٹس کو مکمل طور پر تبدیل کر کے اسلام آباد کو روشنیوں کا شہر بنائیں گے ،ْمیڈیا سے گفتگو

اتوار 26 فروری 2017 17:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2017ء) اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نی کہا ہے کہ اسلام آباد میں پرانی ٹیکنالوجی کی حامل سٹریٹ لائیٹس کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ایل ای ڈی لائٹس پر منتقل کرنے کے منصوبے پر ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے اور اب تک اسلام آباد کی مختلف بڑی شاہراہوں کی 2100 پرانی سٹریٹ لائیٹس کو جدید ایل ای ڈی لائٹس پر منتقل کر دیا گیا ہے، اس منصوبے کو اور مرحلہ وار تیزی سے مکمل کر کے اسلام آباد کی تمام چالیس ہزار پرانی لائیٹس کو مکمل طور پر تبدیل کر کے اسلام آباد کو روشنیوں کا شہر بنائیں گے۔

وہ اتوار کو اسلام آباد میں ایل ای ڈی لائٹس کے منصوبے پر جاری کام کے معائنے کے موقع پر گفتگوکررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسلام آباد میں شاہراہِ دستور، ناظم الدین روڈ، آغا خان روڈ، مرکز ایف6- ،فیصل ایونیو، کوہسار روڈ اور دیگر شاہرائوں پر ایل ای ڈی لائیٹس لگانے کے کام کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ اسلام آباد اپنی قدرتی خوبصورتی ، ہریالی اور صاف ستھرا ہونے کے باعث شہرِبے مثال کے طور پر جانا جاتا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ اگلے تین ماہ کے اندر 40 ہزار ایل ای ڈی لائٹس روشن کر کے اسلام آباد کو روشنیوں کا شہر بنا یا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی اسلام آباد میں خصوصی دلچسپی اور رہنمائی کے باعث انشاء اللہ اسلام آباد کو ملک ہی کا نہیں بلکہ دنیا کا خوبصورت شہر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن کے تمام شعبے پوری طرح فعال اور متحرک ہیںاور منتخب عوامی نمائندے اسلام آبادکو منفرد اور مثالی شہر بنانے کے لیے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈ ی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ جدید ایل ای ڈی لائیٹس کی تنصیب سے نہ صرف بجلی کی مد میں خاطر خواہ بچت ہو گی بلکہ زیادہ بہتر اور دیرپا روشنی سے ان لائیٹس کی دیکھ بھال پر بھی بہت کم خرچ آئے گا۔ شیخ انصر عزیز نے کہا کہ اب تک دو ہزار سے زائد ایل ای ڈی لائٹیس سے اوسطاً 10 ملین روپے کی بچت ہوئی ہے جبکہ پورے شہر میں 40 ہزار لائٹیوں کی تبدیلی کے بعد کروڑوں روپے کی بچت کے علاوہ توانائی کی مد میں بھی قابلِ ذکر بچت ہو گی۔

اس موقع پر میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو بتایا گیا کہ اس منصوبے کے پہلے مرحلے پر کام تیزی سے جاری ہے اور اب تک شاہراہِ دستور پر 255 ، سہروردی روڈ پر 60 ، فیض آباد سے راول چوک اور کلب روڈ پر 337 ، جی 5- میں29 ، مرکزF-7 میں 126 ، کوہسار روڈ 41 ، فیصل ایونیو251 ، سیکٹر F-7 56- ، خیاباں اقبال56 ،مرکز F-6میں100 ، ناظم الدین روڈ 161 اور آغا خان روڈ پر53 ایل ای ڈی لگائی جا چکی ہیں۔

انہیں بتایا گیا کہ انتہائی جدید ٹیکنالوجی کی حامل یہ لائٹس نہ صرف بہتر روشنی بلکہ ان کی مدت بھی کافی زیادہ ہے جس کے باعث ان کی دیکھ بھال پر بہت کم خرچ آتا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ انتہائی کم بجلی لینے والی ایل ای ڈی لائٹس سے میٹرو پولیٹین کارپوریشن کو سالانہ کروڑوں روپے توانائی کی مد میں بچت ہو گی۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ اگلے تین ماہ کے اندر پورے شہر کے ہر سیکٹر ،گلی اور سڑک کو مکمل طور پر روشن کر دیا جائے گا جس کے بعد اسلام آباد کو روشنیوں کا شہر کہا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ملک کا دارالحکومت ہے اور ایم سی آئی اسے دنیا کا خوبصورت دارالحکومت بنانے کے لیے اپنے دستیاب وسائل کو بروئے کار لائے گی ۔ اس موقع پر انہوں نے نصب کی جانے والی ایل ای ڈی کی تنصیب کے کام کا بذاتِ خود معائنہ کیا اور کام کی رفتار کو مزید بڑھانے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :