ملکی و قومی مفاد میں جہاں جانا پڑا جاتے رہے اور جائیں گے‘چودھری شجاعت حسین

اے پی سی میں شرکت کریں گے، ن لیگ نے فوجی عدالتوں کے بل میں از خود ترمیم کر کے متنازعہ بنایا ہے‘صدر پاکستان مسلم لیگ

اتوار 26 فروری 2017 17:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2017ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ملکی و قومی مفاد میں جہاں جانا پڑا جاتے رہے ہیں اور آئندہ بھی جائیں گے، پاکستان مسلم لیگ فوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملہ پر پیپلزپارٹی کی جانب سے بلائی گئی اے پی سی میں بھی شرکت کرے گی۔ وہ پیپلزپارٹی کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے بعد پریس بریفنگ میں اظہار خیال کر رہے تھے۔

دعوت قبول کرنے پر سابق چیئرمین سینیٹ سینیٹر نیئر بخاری اور سینیٹر عبدالقیوم سومرو نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے بدترین حالات اور حکمران جماعت کے رویہ کے باعث پیپلزپارٹی یہ اے پی سی منعقد کر رہی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ کے قائدین کی رہائش گاہ پر قبل ازیں ہونے والی ملاقات میں سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی، سینیٹر کامل علی آغا، مونس الٰہی اور پیپلزپارٹی کی ثمینہ خالد گھرکی اور سردار علی خان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین نے پیپلزپارٹی کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم اور عوام کے کسی بھی معاملہ پر جب بھی بلایا گیا ہم پیچھے نہیں رہے اور بھرپور شرکت کرتے ہیں، اب فوجی عدالتوں کے بل پر اتفاق رائے کیلئے ہونے والے اس اجلاس میں بھی شریک ہوں گے، ن لیگ نے فوجی عدالتوں کے بل میں ازخود ترمیم کر کے اسے متنازعہ بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے نیشنل ایکشن پلان کے سلسلہ میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں اعتراض اٹھایا تھا کہ فوجی عدالتوں کے قیام کے بل میں مدرسوں کی بجائے ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنز کا لفظ استعمال کیا جائے لیکن اس وقت میری نہ مانی گئی اور بالآخر اس کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ کسی کا مفاد ملکی مفاد سے بالاتر نہیں ہونا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :