سی ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا انسپکٹر کرپشن اور بے ضابطگی کی وجہ سے ملازمت سے معطل

اتوار 26 فروری 2017 17:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2017ء) کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی ای)نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے انسپکٹر ذوالفقار احمد کو ملازمت سے معطل کر دیا ہے۔سی ڈی اے کی طرف سے یہاں جاری بیان کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے انسپکٹر ذوالفقار احمد کو کرپشن اور بے ضابطگی کی وجہ سے ملازمت سے معطل کیا گیا ہے۔ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے منڈی موڑ پر خلاف ضابطہ ٹھیلوں اور ٹھیوں کے قیام میں ملوث انسپکٹر ذوالفقار احمد کے خلاف کاروائی ممبر ایڈمنسٹریشن سی ڈی اے محمد یاسر پیر زادہ کی ہدایت پر کی۔

ممبر ایڈمنسٹریشن سی ڈی اے محمد یاسر پیر زادہ نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ سی ڈی اے میں کرپشن اور بے ضابطگی کی حوصلہ شکنی میں مسلسل مصروف عمل ہے۔

(جاری ہے)

ادارے میں کرپشن اور کرپٹ عناصر کے خلاف قطعی عدم برداشت کی ہماری حکمتِ عملی جاری رہے گی۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے انسپکٹر ذوالفقار احمد کی ملازمت سی ڈی اے ایمپلائز سروس ریگولیشن 1992 ؁ء کی شق8.5 کے تحت معطل کی گئی ہے۔

ملازمت سے معطلی کے احکامات تاریخ اجراء سے ہی نافذ العمل ہو چکے ہیں۔ تاہم ملازمت سے معطلی کے دورانیہ میںمذکورہ ملازم کو پوری تنخواہ اور الائونسز کے برابر ادارے کی طرف سے مالی معاونت فراہم کی جاتی رہے گی۔ رواں مہینے کے دوران سی ڈی اے انتظامیہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے تین ملازمین کو پہلے ہی معطل کیا جا چکا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ڈرائیور امجد علی، انسپکٹر راجہ ضیاء محمود اور سپر وائزر راجہ عاصم کو بے ضابطگی اور کرپشن کی بنیاد پر رواں مہینے میں سی ڈی اے ایمپلائز سروس ریگولیشن 1992 ؁ء کے تحت معطل کیا گیا تھا۔

امجد علی ،ڈرائیور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے بارے میں موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق وہ غیر قانونی طور پر شراکت داری کی بنیاد پر سبزی اور فروٹ بیچنے کے کاروبار میں مصروف تھے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے انسپکٹر راجہ ضیاء محمود کو F-6/F-7 میں سڑک کنارے فروٹ اور نائی کے اڈے قائم کرنے کی رپورٹس پر معطل کیا گیا تھا۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے سپر وائرز راجہ عاصم کو بری امام میں غیر قانونی تجاوزات میں ملوث افراد کو ادارے کی کاروائی کے متعلق معلومات قبل از وقت فراہم کرنے کی رپورٹس پر ملازمت سے معطل کیا گیا تھا۔ معطل کیے گئے تینوں ملازمین کی خدمات تا حال بحال نہیں کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :