سپریم کورٹ آزادکشمیر:ملازمین کی سالانہ تنخواہوں میں اضافہ نمازکی باقاعدہ ادائیگی سےمشروط

چیف جسٹس کےاحکامات پر عدالت کےتمام ملازمین باقاعدگی کے ساتھ نمازاداکرنےکے پابندہونگے،ملازمین باجماعت نماز2شفٹوں میں اداکرنےجاسکیں گے،نمازکی ادائیگی میں غفلت پرسخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔چیف جسٹس محمدابراہیم ضیاء کاحکم

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 26 فروری 2017 17:06

سپریم کورٹ آزادکشمیر:ملازمین کی سالانہ تنخواہوں میں اضافہ نمازکی باقاعدہ ..
مظفرآباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26فروری2017) : سپریم کورٹ آزادوجموں کشمیرنے ملازمین کی سالانہ تنخواہوں میں اضافے کونمازمیں باقاعدگی کے ساتھ مشروط کردیاہے۔میڈیا کے مطابق چیف جسٹس چوہدری محمدابراہیم ضیاء نے گزشتہ روز12ویں چیف جسٹس آف سپریم کورٹ آزادوجموں کشمیر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیاہے۔انہوں نے اپنے پہلاحکم جاری کرتے ہوئے ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ اضافے کوباقاعدگی کے ساتھ نمازپڑھنے سے مشروط کردیاہے۔

چیف جسٹس آف سپریم کورٹ کے حکم کے بعد عدالت کے تمام ملازمین باقاعدگی کے ساتھ نمازاداکرنے کے پابندہونگے،جس کے باعث ان کی سالانہ تنخواہوں میں اضافہ ہوممکن سکے گا۔چیف جسٹس نے مزیدکہاکہ ملازمین 2شفٹوں میں نمازاداکرنے جائیں گے۔اگر کوئی شخص کسی وجہ سے پہلی شفٹ میں باجماعت نمازادانہ کرسکا تو وہ دوسری شفٹ میں نمازکی ادائیگی کویقینی بناسکے گا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہا کہ میں سکیورٹی فرائض پرمامورپولیس اہلکاروں یادوسرے عملے کوبھی اس سے محروم نہیں کرناچاہتا۔وہ بھی رب کے سامنے جواب دہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ نمازیوں کی چیکنگ کیلئے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جائیگی۔جبکہ نمازکی ادائیگی میں غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔واضح رہے چیف جسٹس ابراہیم ضیاء اپنی لیگل پریکٹس کے دوران جماعت اسلامی کے متحرک عہدیداربھی رہ چکے ہیں۔ قابل ذکربات یہ ہے کہ پاکستان کایہ واحد حصہ ہے جہاں پرعدالتی ملازمین کی تنخواہوں کونمازکی باقاعدہ ادائیگی کے ساتھ مشروط کردیاگیاہے۔

متعلقہ عنوان :