کلر اینڈ کیم نمائش ملکی صنعت و تجارت کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو گی،ایف پی سی سی آئی

اتوار 26 فروری 2017 16:51

لاہور۔26 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2017ء)کلر اینڈ کیم ایکسپو پاکستان کی صنعت و تجارت کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو گی،کاروباری برادری کے وفود کے تبادلے اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ میں موثر کردار ادا کرتے ہیں۔ان خیا لات کا اظہار فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ریجنل چیئرمین منظور الحق ملک نے بطور مہمان خصوصی لاہورایکسپو سنٹر میں تیسری کلر اینڈ کیم ایکسپو کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سیاحت ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، ڈیری ، زراعت، روئی، چاول اور معدنیات سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ایف پی سی سی آئی اور پاکستان کے دروازے تمام ممالک کے لیے کھلے ہیں۔اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ(ن) ٹریڈرز ونگ پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید نے کہاکہ نمائش میں 4ممالک سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں نے اپنی کیمیکل مصنوعات کی نمائش کی ہے،نمائش میں چین،انڈیا،ترکی اور برطانیہ سے آنے والے کاروباری افراد نے اپنے سٹال سجائے ہیں۔تیسری کلر اینڈ کیم ایکسپو کے ہیڈ عبد الرحیم چغتائی نے کہاکہ نمائش سے پاکستان اور دیگر ممالک کے تعلقات اور تجارت کو وسعت ملے گی ۔