پیرا میڈکس کی تربیت ڈاکٹروں اور نرسوں کی طرح نہایت ضروری ہے ‘تربیت یافتہ پیرا میڈکس مریضوں کی صحت و علاج میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ،پروفیسر غیاث النبی طیب

اتوار 26 فروری 2017 16:51

لاہور۔26 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2017ء) پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے نوجوانوںکی صلاحیتوں کو نکھارنے کی غرض سے طب سمیت مختلف شعبوں میں فنی مہارت اور تربیت دینے کی جامع اور موثر حکمت عملی اختیار کی ہے،ہمارے نوجوانوںکو حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے دنیا کے ہر فورم پر اپنی صلاحیتوں اور ٹیلنٹ کے اظہار کے مواقع میسر آ رہے ہیں ، پیرا میڈکس کی تربیت اپنی اہمیت میں ڈاکٹروں اور نرسوں سے کسی طرح کم نہیں۔

انہوںنے ان خیالات کا اظہار الائیڈ ہیلتھ سائنسز سکول جنرل ہسپتال میں سیشن 2014-16ء کے دوران کامیابی سے تربیت مکمل کرنے والے طلباو طالبات کے اعزاز میںمنعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر غلام صابر، فیکلٹی ممبران ، پرنسپل اے ایچ ایس ایس ڈاکٹر رانا شفیق، انتظامی ڈاکٹرز ، نرسنگ انتظامیہ اور طلباء موجود تھی- مذکورہ سیشن میں سات مختلف پیرا میڈکس کورسزمیں 81 طلباء و طالبات نے کامیابی سے تربیت مکمل کی ہے ۔

پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب نے کہا کہ محکمہ صحت نے ڈاکٹروں اور نرسوں کے ساتھ ساتھ معاون طبی عملے کی پیشہ وارانہ تربیت کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ پیرامیڈیکل سٹاف مریضوں کی صحت و علاج میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ ادارے کی تاریخ گواہ ہے کہ یہاں سے فارغ التحصیل ڈاکٹر ز ، نرسیں اور پیرا میڈکس نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت کی بدولت ہمیشہ ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے - انہوں نے مختلف کورسز میں تربیت حاصل کرنے ولے طلبا ء پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگی کے اہداف کا تعین کریں اور ان کے حصول کے لئے محنت، خدمت کو اپنا شعار بنائیں-تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایس ایل جی ایچ ڈاکٹر غلام صابر کا کہنا تھا کہ نامور بننے کیلئے نیک نیتی اور محنت بنیادی کردار ادا کرتے ہیں - جس طرح دوران تربیت نوجوانوں نے فنی پیشہ وارانہ مہارت حاصل کی اور لگن دکھائی ،آنے والے دنوں میں اپنے عمل سے نہ صرف اپنا بلکہ ادارے اور ملک کانام روشن کریں- انہوںنے کہا کہ تربیت یافتہ عملے سے ہیلتھ ڈلیوری سسٹم مزید بہتر ہو گا نیز سینکڑوں خاندانوں کو روزگارکے مواقع میسر آئیں گے - پرنسپل ڈاکٹر رانا شفیق نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور سکول کے قیام سے لیکر اب تک کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے سکول کے مستقبل کے منصوبوں بارے آگاہ کیا - تقریب کے اختتام پر پرنسپل پی جی ایم آئی نے بہتر کارکردگی پر ڈاکٹر راناشفیق کو اعزازی شیلڈ دی -

متعلقہ عنوان :