آنے والے بھٹو کی نہیں زرداری کی پیپلز پارٹی میں آرہے ہیں‘ ناہید خان

پیپلز پارٹی کی رجسٹریشن کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائیگا

اتوار 26 فروری 2017 16:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2017ء) بینظیر بھٹو شہید کی سابق پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کو بھٹو کی بجائے زرداری کی پارٹی بنانے کی کوششیں ہو رہی ہیں،جو لوگ بھی آ رہے ہیں وہ بھٹو کی پارٹی میںنہیں زرداری کی پارٹی میں آرہے ہیں ،پیپلز پارٹی کی رجسٹریشن کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا ۔

گزشتہ روز ٹیلیفون پر خصوصی گفتگوکرتے ہوئے ناہید خان نے کہا کہ پارٹی کی نام قیادت بتائے آج پارٹی کا ووٹ بینک کہاں ہے ۔

(جاری ہے)

بھٹو شہید اور بی بی شہید کے دور میں پیپلز پارٹی کا امیدوار ہارتا بھی تھا تو اس کے 50سے 60ہزار ووٹ ہوتے تھے لیکن آج ووٹ لینے کی شرح چند سو تک آ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آج بھی وہی مطالبات ہیںکہ پارٹی کو اس نہج تک پہنچانے والوں کا کڑا احتساب کیا جائے اور نیچے سے اوپر تک تمام عہدوں پر شفاف انتخابات کا انعقاد کرایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ آج پیپلز پارٹی کو بھٹو شہید اور بی بی شہید کی آئیڈیالوجی سے دور کر دیا گیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پارٹی کو کسی سطح پر بھی پذیرائی نہیں مل رہی۔ جو لوگ پیپلزپارٹی کے لئے برا سوچتے تھے آج وہی نام نہاد قیادت کے پیروکار بنے ہوئے ہیں ۔