پیداواری مقابلہ جات کے کامیاب کاشتکاروں میں 2 کروڑ روپے کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے

اتوار 26 فروری 2017 16:01

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2017ء)ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع واڈاپٹیو ریسرچ) پنجاب ڈاکٹرمحمد انجم علی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے مختلف فصلات و باغات کی پیداوار میں اضافہ، کوالٹی میں بہتری اور کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے پیداواری مقابلہ جات منعقد کروانے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت صوبہ بھر میں 6 فصلات و باغات کا مقابلہ کروایا جائے گا جن میں کپاس، آم، امرود، آلو، کنو اور باسمتی چاول شامل ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) ڈاکٹر انجم علی نے کہا کہ پیداواری مقابلہ جات کے تحت صوبہ کی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے خوش نصیب کاشتکاروں کوہر فصل کیلئے 2 کروڑ روپے کے مختلف انعامات دئیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رقبہ کے مالکان، مزارعین، مشترکہ کھاتہ داران اور لیز ہولڈرز بھی ان پیداواری مقابلہ جات میں حصہ لینے کے اہل ہونگے جبکہ ارکان اسمبلی اور گریڈ 17 یا اوپرکے افسران ان مقابلہ جات میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہونگے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آم کے باغبانوں میں پیداواری مقابلہ منعقد کروانے کیلئے 3 ایکڑ کابلاک منتخب کیا جائے گا اور پھر ہر تحصیل کی سطح پر 10 باغ منتخب کئے جائیں گے جن میں سے پھر ضلع کی سطح پر 10 باغ فائنل کئے جائیں گے انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی ضلع میں 50ہزار ایکڑ سے زیادہ آم کے باغات ہوئے تو وہاں سے ضلع کی سطح پر 15 باغات کا چنائو کیا جائے گا۔ پیداواری مقابلہ جات میں حصہ لینے کیلئے کاشتکار درخواست فارم متعلقہ ضلع کے ڈپٹی ڈائریکٹرز زراعت (توسیع) یا تحصیل یا مرکز کی سطح پرمحکمہ زراعت (توسیع) کے دفاتر سے مفت حاصل کیے جا سکتے ہیں۔