نیا بلدیاتی نظام ہر سطح پر لوگوں کو احساس کمتری سے باہر نکالنے میں معاون ثابت ہو گا‘محمد منشاء اللہ بٹ

صوبے کی تاریخ میں پہلی بار تمام بلدیاتی اداروں کے ترقیاتی وغیر ترقیاتی فنڈز کو علیحدہ علیحدہ حیثیت دی گئی ہے‘صوبائی وزیر

اتوار 26 فروری 2017 15:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2017ء) صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈویلپمنٹ محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ مون سون موسم برسات سے قبل صوبہ بھر کے تمام ٹائونز اور زونز میں اپنے اپنے علاقوں میں گزرنے والے گندے پانی اور برسات کے پانی کے نکاسی کے نالوں میں آنے والی ہر رکاوٹ کا خاتمہ شروع کر دیں تاکہ برسات کے موسم میں کسی قسم کے مسائل سامنے نہ آ سکیں،بلدیاتی نظام عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرناخدمت کا بہترین ذریعہ ہے،حکومت نے تمام بلدیاتی نمائندوں کوہدایت کی ہے کہ وہ خدمت کو اپنا اولین مشن بنا کرمیدان عمل میں آ ئیں۔

اپنے کیمپ آفس میں بلدیاتی نمائندوں کے وفد سے ملاقات میں صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے بلد یاتی نظام کے نفاذ سے نچلی سطح سے عوامی نمائندوں میں جمہوریت کو پروان چڑہنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام بلدیاتی عوامی نمائندے خدمت کے جذبہ سے سر شار ہو کر باقاعدگی سے اپنے علاقوں کا دورہ کرتے رہیں تاکہ لوگوں کو درپیش مسائل کا بروقت خاتمہ ممکن ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے آپ لوگوں میں جن خصوصیات کی بنا پر چنائو کیا ہے اور جو امیدیں آپ سے وابستہ کی ہیںپر پورا اتریں۔انہوں نے کہا کہ صفائی کے عمل، گلیوں، بازاروں میں سٹریٹ لائٹس کی چیکنگ باقاعدگی سے کریں تاکہ لوگوں کو کسی بھی قسم کی شکایت کے لئے آپ کے پاس نہ آنا پڑے۔تمام بلدیاتی نمائندے اپنے ارد گرد کے ماحول پر بھی نگاہ رکھیں تاکہ کسی بھی مشتبہ افراد پر فوری کاروائی عمل میں لائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار تمام بلدیاتی اداروں کے ترقیاتی وغیر ترقیاتی فنڈز کو علیحدہ علیحدہ حیثیت دی گئی ہے۔ جس کی وجہ سے اب ہر گلی محلہ ترقیاتی کاموں صفائی ستھرائی کی وجہ سے مثالی ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نیا بلدیاتی نظام ہر سطح پر لوگوں کو احساس کمتری سے باہر نکالنے میں معاون ثابت ہو گا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ حکومت نے بلدیاتی اداروں کو بہتر انداز میں ڈھالنے اور عوام کو اس کا حقیقی فائدہ بنیادی سطح پرپہنچانے کے لئے 56 بلین روپے کی خطیر رقم کے فنڈز جاری کر دئیے ہیں۔

تمام یونین کونسلوں کو 13بلین روپے کے ترقیاتی فنڈز دئیے گئے ہیں جس سے ترقیاتی کاموں کو عروج کو فوری عر وج حاصل ہو گا۔ جبکہ صوبے کی تمام میٹرو کارپوریشنوں کی میونسپل کمیٹیوںاور ضلعی کونسلوں کو 43بلین روپے جاری کر دئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :