ہر پختون کو دہشتگرد قرار دینا قطعی غلط ہے،ماضی میں خیبرپختونخواہ ہی سب سے زیادہ دہشتگردی کا نشانہ بنا ، نواز لیگ اس طرح کے اقدامات کرکے طرف پنجابی طالبان کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے

پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر روبینہ خالد کابیان

اتوار 26 فروری 2017 15:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 فروری2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ ہر پختون کو دہشتگرد قرار دینا قطعی غلط ہے۔ ماضی میں خیبرپختونخواہ ہی سب سے زیادہ دہشتگردی کا نشانہ بنا ہے۔ ایک بیان میں سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ نواز لیگ اس طرح کے اقدامات کرکے ایک طرف پنجابی طالبان کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے تو دوسری طرف صوبائیت کو ہوا دے کر آپریشن کا رکھ صرف پختون عوام کی طرف موڑنا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے دہشتگردی کے خلاف آپریشن ناکام بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجابی طالبان کے خلاف کارروائی سے ہی دہشتگردی کے خلاف آپریشن کامیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور شدت پسندی کی نرسریاں پنجاب میں ہیں۔ شہباز شریف کے طالبان کے حوالے سے ماضی کے بیانات ہی یہ ثابت کرنے کے لئے کافی ہیں کہ نواز لیگ طالبان سے نرم گوشہ اور ہمدردی رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل ضیاء کے آمرانہ دور میں طالبان کو کے پی میں آباد کیا گیا اور انہی طالبان نے کے پی کو خون میں نہلا دیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عمل کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :