جموں کشمیر لبریشن فرنٹ مندیاڑی یونٹ کے زیر اہتمام مقبول بٹ شہید کے یوم ولادت پر جلسہ عام کا انعقاد

اتوار 26 فروری 2017 15:10

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 فروری2017ء) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ مندیاڑی یونٹ کے زیر اہتمام مقبول بٹ شہید کے یوم ولادت پر جلسہ عام کا انعقاد۔ مقبول بٹ کا مشن ہر کشمیری کا مشن ہے۔ قومی ہیرو کی زندگی کا ہر پہلو جدوجہد آزادی کیلئے مشعلِ راہ ہے۔ لبریشن فرنٹ مقبول بٹ کی سوچ کا وارث اور قومی آزادی کی جدوجہد کا نگہبان ہے۔

خان بہادر خان نامی وطن فروش کو اسکے عہدے سے برطرف کیا جائے۔نوجوان لبریشن فرنٹ کے پلیٹ فارم سے قومی آزادی کی تحریک اور عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی، محمود بٹ ، الیاس رولوی ، راجہ اشفاق اور دیگر کا تقریب کا خطاب۔تفصیلات کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ مندیاڑی دھمول یونٹ کی طرف سے مقبول بٹ کے یوم ولادت پر مندیاڑی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

تقریب کی صدارت مرکزی چیف آرگنائزر راجہ حق نواز خان نے کی جبکہ تقریب میں زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی، ضلعی صدر ملک اسلم ، سٹی صدر دلشاد قریشی، یوسف چودھری، شہزاد گیلانی ، محمود بٹ ، شہداء کپواڑہ کے والدین سمیت متعدد راہنمائوں نے خصوصی شرکت کی۔تقریب کا اہتمام محمود بٹ، اسرار بٹ، کامریڈ قاسم اور دیگر سینئر ساتھیوں پر مشتمل کمیٹی نے کیا جبکہ تقریب کی نظامت کے فرائض اعزاز گیلانی نے انجام دیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا کہ مقبول بٹ کا ختم کرنے والے آج ایوانوں میں منہ چھپاتے پھرتے ہیں اور مقبول بٹ گلی گلی محلہ محلہ راج کرتا ہوا نظر آتا ہے۔ انہوں نے کہا مقبول بٹ کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے اپنی موت آپ مرتے رہے اور مقبول بٹ کا قافلہ آگے بڑھتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں خان بہادر خان نامی ایک وطن فروش اور بیمار ذہنیت کے علمبردار کی طرف سے مقبول بٹ کے خلاف ہرزہ سرائی کی گئی جس پر قوم سراپا احتجاج ہے اس لیے اس بڈھے کھوسٹ کو مشیر بنائے رکھنا قومی ہیرو کی توہین کے مترادف ہے لہذا اسے فی الفور برطرف کیا جانا چاہیے۔

ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا کہ لبریشن فرنٹ مقبول کے مشن کو لیکر آگے بڑھ رہا ہے اور نوجوانوں کا فرض ہے کہ وہ قومی آزادی کی تحریک اور بنیادی مسائل کے حل کی جدوجہد میں لبریشن فرنٹ کا ساتھ دیں اور اس قافلے میں شامل ہو کر مقبول بٹ کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ لبریشن فرنٹ ہی وہ واحد قافلہ ہے جو پوری کشمیری قوم کو متحد کر کے ایک متفقہ منزل کی طرف لیجا سکتا ہے۔

مقبول بٹ شہید، قائدِ تحریک امان اللہ خان مرحوم اور چئیرمین محمد یسین ملک کی قیادت اور نقطہ نظر ہی مسئلہ کشمیر کو مستقل اور پائیدار طور پر حل کرنے کی ضمانت دیتا ہے۔ تقریب سے ضلعی جنرل سیکریٹری راجہ اشفاق، سینئر راہنما محمود بٹ، ڈاکٹر لیاقت نقشبندی،نیپ کے ضلعی جنرل سیکریٹری الیاس رولوی، غازی بشیر بٹ، عمران کھوکھر، بشارت بخاری ، تبارک سید ایڈوکیٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جلسہ کے اختتام پر مقبول بٹ کی ۷۷ویں یوم پیدائش کا کیک کاٹا گیا اور شرکاء تقریب میں کھانا بھی تقسیم کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :