اپنی سیاست کیلئے ملک کا مستقبل تاریک کرنے والوں کو سوائے ناکامی کے کچھ حاصل نہیں ہوگا‘ احسن اقبال

ج دنیا کے نامور ادارے پاکستان کی پھلتی پھولتی اور ترقی کرتی معیشت کا اعتراف کر رہے ہیں ‘ وفاقی وزیر

اتوار 26 فروری 2017 14:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2017ء) وفاقی وزیر ترقی ، منصوبہ بندی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ دنیا کے نامورادارے پاکستان کی ترقی کرتی معیشت کا اعتراف کر رہے ہیں لیکن سیاسی مخالفین کی آنکھوں پر تعصب کی پٹی بندھی ہوئی ہے ،جو لوگ صرف اپنی سیاست کیلئے ملک کا مستقبل تاریک کرنا چاہتے ہیں انہیں سوائے ناکامی کے کچھ حاصل نہیں ہوگا،مسلم لیگ (ن) اپنے وعدے کے مطابق حکومت کی مدت پوری ہونے سے پہلے ملک سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کر دے گی ۔

ایک انٹر ویو میں احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں عام انتخابات کے بعد کیسا پاکستان ملا قوم اس سے بخوبی آگاہ ہے ۔ سیاسی مخالفین اپنے دل پر ہاتھ کر کہیں کیا آج کا پاکستان 2013ء کے پاکستان سے بہتر نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آ ج دنیا کے نامور ادارے پاکستان کی پھلتی پھولتی اور ترقی کرتی معیشت کا اعتراف کر رہے ہیں ، سرمایہ کار خطے میں پاکستان کا رخ کر رہے ہیں لیکن جب سیاسی مخالفین حقائق کی بجائے تعصب کی بنیاد پر مخالفت کرتے ہیں توا س سے یقینا دکھ ہوتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے پاکستان کی تقدیر بدلنی ہے ۔ سی پیک کی صورت میں پاکستان کو تیز ترین ترقی کا فارمولہ مل گیا ہے اگر ہم نے اسے گنوا دیا تو پھر ہمیں کسی سے کوئی شکوہ نہیں کرنا چاہیے ۔ احسن اقبال نے کہا کہ سیاسی مخالفین نواز شریف کی مخالفت میں ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں رکاوٹیں نہ ڈالیں بلکہ 2018ء کا انتظار کریں ۔

متعلقہ عنوان :