پہلے نئی شرائط شامل کی جائیں گی پھر فوجی عدالتوں کی توسیع کی حمایت کرینگے ،ْ فرحت اللہ بابر

سمجھتے ہیں کہ ماضی کے دو سالوں میں فوجی عدالتوں کی کارکردگی کی روشنی میں ان کی توسیع نہیں ہونی چاہیے ،ْ سینیٹر پیپلز پارٹی بدقسمتی سے پاکستان میں آج تک جتنے بھی اس طرح کے قوانین بنائے گئے وہ سیاستدانوں کے خلاف استعمال ہوئے ،ْانٹرویو

اتوار 26 فروری 2017 14:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی فوجی عدالتوں کی توسیع کی اس وقت تک حمایت نہیں کرے گی جب تک اس میں نئی شرائط کو شامل نہیں کیا جائیگا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فرحت اللہ بابرنے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ماضی کے دو سالوں میں فوجی عدالتوں کی کارکردگی کی روشنی میں ان کی توسیع نہیں ہونی چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ اگر تمام اپوزیشن جماعتیں توسیع کے معاملے پر متفق ہوگئیں تو پھر بھی پیپلز پارٹی کے پاس کئی اور تجاویز بھی موجود ہیں تاکہ ان خدشات کا سدباب ہوسکے جو پیچھے دو سالوں میں دیکھنے میں آئے۔فرحت اللہ بابر نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں آج تک جتنے بھی اس طرح کے قوانین بنائے گئے وہ دہشت گردوں کے بجائے سیاستدانوں کے خلاف استعمال ہوئے۔

(جاری ہے)

فرحت اللہ بابر نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب یہ قوانین ان لوگوں کے خلاف استعمال ہوں گے جو آج فوجی عدالتوں کے حق میں ہیں۔پی پی رہنما نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اس معاملے پر سنجیدگی کے ساتھ سوچے اور سب کے ساتھ مشاورت کرے کیونکہ اگر ایسا ہوا تو پھر منصفانہ ٹرائل اور انسانی حقوق سے متعلق اہم سوالات جنم لیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ہم اس حوالے سے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں ضرور شرکت کریں گے تاہم ہمارا مؤقف یہی ہوگا کہ ان عدالتوں کی توسیع ہرگز نہیں ہونی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :