مقبوضہ کشمیر ، بھارتی پولیس پر امن مظاہروں کو دبانے کیلئے مزید پیلٹ بندوقیں اور دیگر سامان خریدے گی ، ضرورت پڑھنے پر اسرائیل سے بھی سازوسامان خریدا جائے گا،سی آرپی ایف افسر

اتوار 26 فروری 2017 13:50

نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2017ء) بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس مقبوضہ کشمیر میں پرامن مظاہروں کو دبانے کے لیے مزید پیلٹ اور پاوا بندوقوں کے علاوہ دیگر سازوسامان خریدے گی ۔ اس حوالے سے جو فہرست مرتب کی گئی ہے اس میں مہلک پیلٹ اور پاوا بندوقوں کے علاوہ 20ہزار زرہیں، 3ہزار شیلڈ، جدید ہیلمٹ اور دیگر سامان شامل ہیں ۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس نے خفیہ بھارتی ادروں کی ان پیش گوئیوں ،کہ گرمیوں میں مقبوضہ وادی میں ایک بار پھر زبردست احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے، کے مدنظر یہ سازوسامان خریدنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سی آر پی ایف کی طرف سے پیلٹ بندوق کا استعمال بھی جاری رکھا جائے گا اور اس سلسلے میں فورس کے ڈائریکٹر جنرل درگا پرساد نے کا کہنا ہے جب تک انہیں کوئی ایسا متبادل ہتھیارنہیں ملے گا جو پیلٹ بندوق جیسا اثر رکھتا ہویا اس سے زیادہ خطرناک ہو، تب تک وہ پیلٹ گن کو نہیں چھوڑ سکتے۔

(جاری ہے)

ڈی جی سی آر پی ایف کا صاف طور پر کہنا ہے کہ رواں برس بھی وہ پیلٹ اور پاوا شلوں کا استعمال جاری رکھیں گے۔سی آر پی ایف کے خریداری ڈیویڑن میں کام کرنے والے ایک افسر نے بتایا کہ وہ خریدے جانے والے پیلٹ اور پاوا بندوقوںکی اصل تعداد تو نہیں بتا سکتے البتہ جس تعداد میں گزشتہ برس خریدیں گئی تھیں ، اتنی ہی تعداد میں اس بار بھی خریدیں جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ سی آر پی ایف نے یہ ساز و سامان عالمی سطح پر ٹینڈرز نکال کرحاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ضرورت پڑنے پر اسرائیل سے بھی سازوسامان خریدا جائے گا۔