پاک افغان سرحد بدستور بند ،ْ پاسپورٹ کے حامل70 افغانیوں کو جانے کی اجازت دیدی گئی

اتوار 26 فروری 2017 13:44

چمن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2017ء)بلوچستان کے علاقے چمن میں پاک افغان سرحد پر مامور عہدیداروں نے پاسپورٹ کے حامل خواتین اور بچوں سمیت 70 افغان شہریوں کو باب دوستی سے سرحد پار جانے کی اجازت دے دی۔چمن سرحد پر تعینات سینئر سیکیورٹی عہدیدار نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ 74 افراد پر مشتمل افغان باشندوں کا ایک گروپ قانونی حیثیت سے پاکستان میں رہائش پذیر تھا، انہیں ویزہ اور دیگر قانونی دستاویزات ہونے کی وجہ سے افغانستان داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایاکہ حکومت نے پاک-افغان سرحد کھولنے سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا سرحد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر غیر معینہ مدت تک بند رہے گی۔ذرائع کے مطابق تاہم تشویش ناک حالت میں مبتلا افغان مریضوں کو علاج کے لیے پاکستان داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ادھر سرحد پر مامور ایک پاکستانی اہلکار نے بتایا کہ کینسر کے مرض میں مبتلا 2 افغان مریض پاکستانی سرحد کے قریب پہنچے، تاہم انہیں پاکستان داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی، کیوں کہ وہ عام بیماریوں میں مبتلا تھے۔