برکس ممالک کا سلامتی ،معیشت اور افرادی تبادلوں کے فروغ پر اتفاق

عالمی و علاقائی معاملات میں بہتر تعاون کے فروغ کیلئے برکس ممالک کے وزرا خارجہ اجلاس کے موجودہ لائحہ عمل کو استعمال میں لایا جائے ،ثقافتی اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے لیے اقدامات کرنے چاہیے،برکس ممالک کے مندوبین

اتوار 26 فروری 2017 13:20

نان جنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 فروری2017ء)برکس ممالک کے مندوبین نے سلامتی ،معیشت اور افرادی تبادلوں کے فروغ پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی و علاقائی معاملات میں بہتر تعاون کے فروغ کے لیے برکس ممالک کے وزرا خارجہ اجلاس کے موجودہ لائحہ عمل کو استعمال میں لایا جائے ،ثقافتی اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے لیے اقدامات کرنے چاہیے۔

چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق برکس ممالک کے مندوبین کا پہلا دو روزہ اجلاس چین کے شہر نان جنگ میں منقعد ہوا۔ برکس ممالک میں برازیل ، روس ، بھارت ، چین اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔ اجلاس کے آ خری روز مندوبین نے سلامتی ،معیشت اور افرادی تبادلوں کے فروغ پر اتفاق کیا ۔ اجلاس کے دوران رواں برس تین سے پانچ ستمبر تک چین کے شہر شیامن میں منقعد ہونے والے برکس سربراہی اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

رواں برس اجلاس کا موضوع ہے " برکس : ایک بہتر مستقبل کے لیے مضبوط شراکت داری " ۔چین کی وزارت خارجہ کے مطابق اجلاس میں شریک مندوبین نے عالمی سطح پر پیچیدہ اور بدلتی ہوئی سیاسی ،معاشی صورتحال کے تناظر میں برکس ممالک کے درمیان تعاون پر اتفاق کیا۔بیان کے مطابق اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عالمی و علاقائی معاملات میں بہتر تعاون کے فروغ کے لیے برکس ممالک کے وزرا خارجہ اجلاس کے موجودہ لائحہ عمل کو استعمال میں لایا جائے اور پانچوں ممالک کو ثقافتی میلوں ، فلم فیسٹیولز ، کھیلوں کے مقابلوں اور روایتی طب کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیتے ہوئے ثقافتی اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے لیے اقدامات کرنے چاہیے۔