اڑی حملہ،بھارت کی پاکستان کے خلاف ایک اور سازش ناکام،شواہد نہ ملنے پر کیس کو بند کر دیا گیا

بھارت نے پاکستانی نوجوانوں کو گزشتہ برس 18 ستمبر کو اڑی سیکٹر پر حملے میں معاونت کے الزام میں گرفتار کیا تھا، گرفتار دونوں پاکستانیوں کو جذبہ خیر سگالی کے تحت پاکستان بھیجا جائے گا، واپسی کا طریقہ کار بھارتی وزارت خارجہ طے کرے گی،بھارت

اتوار 26 فروری 2017 13:20

نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 فروری2017ء) بھارت کی پاکستان کو بدنام کرنے کی ایک اور سازش ناکام ہو گئی اور اڑی حملے میں پکڑے گئے پاکستانیوں کے خلاف شواہد نہ ملنے پر کیس کو بند کر دیا گیا۔ اڑی حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا شور مچانے والے بھارت کو ایک بار پھر منہ کی کھانی پڑ گئی، گزشتہ سال اڑی حملے کے بعد بھارتی میڈیا اور مودی حکومت نے پاکستان پر الزام تراشیوں کا سلسلہ شروع کر دیا تھا لیکن حقیقت بالآخر سامنے آہی گئی۔

بھارتی حکومت نے اڑی حملے میں پکڑے گئے پاکستانیوں کے خلاف شواہد نہ ملنے پر کیس بند کردیا، بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی نوجوانوں کو گزشتہ برس 18 ستمبر کو اڑی سیکٹر پر حملے میں معاونت کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا لیکن شواہد کی عدم دستیابی پر بھارتی حکومت نے فوج کو دونوں پاکستانیوں کے خلاف کیس بند کرنے کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق کیس میں گرفتار دونوں پاکستانیوں کو جذبہ خیر سگالی کے تحت پاکستان بھیجا جائے گا تاہم ان کی واپسی کا طریقہ کار بھارتی وزارت خارجہ طے کرے گی۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے بارہ مولا کے سیکٹر اڑی میں گزشتہ سال 18 ستمبر کو مسلح افراد کے حملے میں 18 فوجی ہلاک ہو گئے تھے جس پر بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر اس کا الزام پاکستان پر لگا دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :