پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا ،ْ پاکستان

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا ،ْاعزار چوہدری ای سی او کے اجلاس سے خطے کی ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کی راہیں ہموار ہونگی ،ْپاکستان مستحکم اور خوشحال افغانستان چاہتا ہے ،ْخطے میں امن و امان کیلئے افغانستان کا پرامن اور مستحکم ہونا بنیادی ضرورت ہے ،ْ سیکرٹری خارجہ کا خطاب سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کو ای سی او سینئر حکام کا چیئر مین منتخب کر لیا گیا

اتوار 26 فروری 2017 13:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2017ء) سیکرٹری خارجہ اعزا ز چوہدری نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا ،ْ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کانفرنس یکم مارچ کو اسلام آباد شروع ہوگی ،ْ ای سی او کے اجلاس سے خطے کی ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کی راہیں ہموار ہونگی ،ْپاکستان مستحکم اور خوشحال افغانستان چاہتا ہے ،ْخطے میں امن و امان کیلئے افغانستان کا پرامن اور مستحکم ہونا بنیادی ضرورت ہے جبکہ سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کو ای سی او سینئر حکام کا چیئر مین منتخب کر لیا گیا۔

اتوار کو یہاں سینئر حکام(ایس او ایم) کا اجلاس سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کی صدارت میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری کو ای سی او سینئر حکام کا چیرمین منتخب کرلیاگیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعزاز چوہدری نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کانفرنس یکم مارچ کو اسلام آباد شروع ہوگی اس اجلاس کی میزبانی ہمارے لیے اعزاز ہے، ای سی او کے تحت کابل میں افغانستان پر کانفرنس کا خیرمقدم کرتے ہیں، اجلاس کا مقصد خطے کے استحکام کا حصول ہے اور پاکستان ای سی او کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان تنظیم کے رکن ممالک سے اپنے تعلقات کا فروغ چاہتا ہے جس سے باہمی تعاون اور تجارتی رابطوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ای سی او سے روز گار کے مواقع پیدا کرنے ، رابطوں میں بہتری اور خطے کی مجموعی ترقی اور خوشحالی میں مدد ملے گی۔ اعزاز چوہدری نے کہا کہ رواں سال کانفرنس کا موضوع نہ صرف ای سی او کے ممبر ممالک بلکہ پورے خطے کیلئے انتہائی اہم ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک ) خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا اور اس سے منسلک دیگر تمام راہداریوں سے نہ صرف پاکستان اور چین میں خوشحالی آئیگی بلکہ اس سے خطے کے دیگر تمام ممالک بھی مستفید ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مستحکم اور خوشحال افغانستان چاہتا ہے کیونکہ خطے میں امن و امان کیلئے افغانستان کا پرامن اور مستحکم ہونا بنیادی ضرورت ہے ۔

سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ ای سی او کے اجلاس سے خطے کی ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کی راہیں ہموار ہونگی۔ قبل ازیں ای سی او کے سیکرٹری جنرل خلیل ابراہیم نے کانفرنس کا ایجنڈا پیش کیا اور اجلاس کے شرکاء کو گذشتہ ای سی او اجلاس کے منٹس بھی فراہم کئے ۔سیکرٹری جنرل اقتصادی تعاون تنظیم خلیل ابراہیم نے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تجارت، توانائی، مواصلات اور دیگر شعبوں میں نئی راہیں کھلیں گی۔