افغان صوبہ فریاب میں حالیہ برفباری کے باعث ہلاکتو ں کی تعداد 111ہوگئی،136افراد زخمی

برفباری کے باعث 200رہائشی مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے ، 50ہزار مکانات کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 50ہزار مویشی بھی ہلاک اور لاپتہ ہوگئے، متاثر خاندانوں میں ابتدائی امداد تقسیم کردی گئی ہے،صوبائی گورنر سید انوار سادات

اتوار 26 فروری 2017 12:32

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 فروری2017ء) افغانستان کے شمالی صوبہ فریاب میں حالیہ برفباری کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 111ہوگئی جبکہ 136افراد زخمی ہوئے ہیں۔افغان میڈیا کے مطابق شمالی صوبہ فریاب میں حالیہ برفباری کے باعث خواتین اور بچوں سمیت 111افراد ہلاک اور 136زخمی ہوئے ہیں۔صوبائی گورنر سید انوار سادات نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ صوبے میں ہلاکتوں کے اعداد وشمار انسداد آفت ڈیپارٹمنٹ،تعاون تنظیموں اور صوبائی سیکورٹی حکام کی مدد سے جمع کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھاکہ برفباری کے باعث 200رہائشی مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ 50ہزار مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے جبکہ برفانی طوفان کے دوران 50ہزار مویشی بھی ہلاک اور لاپتہ ہوگئے ۔اطلاعات کے مطابق پشتون کوٹ،بلچراخ،کوہستان اور غورماچ اضلاع صوبے میں سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔سادات کا مزید کہنا تھاکہ متاثرخاندانوں میں ابتدائی امداد تقسیم کردی گئی ہے اوربنیادی امداد مرکزی عہدیداروں کے حکم سے جاری کی جائے گی ۔برفباری کے باعث کوہستان ،بلچراغ اضلاع کی نقل وحمل کی سڑکیں ٹریفک کیلئے بند ہیں۔