Live Updates

تحریک انصاف لاہور آفس میں دعائیہ تقریب ، سانحہ ڈیفنس اور ملک میں امن و امان کیلئے قرآن خوانی

تین روزہ سوگ کے بعد کل سے سیاسی سرگرمیاں شروع کرنیکا اعلان، عمران خان جلد لاہور کا دورہ کرینگے ‘ ولید اقبال

ہفتہ 25 فروری 2017 23:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2017ء) پاکستان تحریک انصاف لاہور نے سانحہ ڈیفنس کاتین روزہ سوگ منانے کے بعد کل سے سیاسی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا اور سانحہ ڈیفنس کے شہدا کے ایصال ثواب کیلئے گذشتہ روز تحریک انصاف لاہور کے زیر اہتمام ماڈل ٹائون آفس میں تقریب کا اہتمام کیاگیا۔

تقریب کا اہتمام صدر لاہور تحریک انصاف ولید اقبال کی جانب سے کیاگیا تھا جس میں سیکرٹری جنرل میاں حماد اظہر سمیت ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال، سعدیہ سہیل،شنیلہ روت، رانا، نعیم الحق، عاطف، چوہدری، شیخ امتیاز محمود، اویس یونس،طارق حمید، چوہدری اصغر گجر، سیمی بخاری، نسیم زہرا، ملک عثمان حمزہ، حاجی ارشاد ڈوگر، وقاص اسلم، رافیہ کمال، ڈاکٹر انیسہ فاطمہ، احمد طحہ، منان قادری، محمد مدنی سمیت دیگر عہدیداراور ذمہ داران سمیت ورکرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

قرآن خوانی اور فاتحہ کے بعد صدر لاہور تحریک انصاف ولید اقبال کا کہنا تھا کہ یکے بعد دیگرے قیمتی جانوں کا ضیاع بالخصوص ڈیفنس کا واقعہ انتہائی تکلیف دہ اورافسوسناک ہے۔ انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنوں کی طرف سے سانحات میں زخمیوں کی امداد کیلئے جس کوئیک رسپانس کا مظاہرہ کیاگیا وہ قابل تعریف ہے۔ تحریک انصاف کسی بھی موقع پر اپنے ہم وطنوں کو تنہا نہیںچھوڑیگی۔

ولید اقبال اور میاں حماد اظہر کا کہنا تھاکہ سانحہ ڈیفنس پر تحریک انصاف نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا تھا جس کے بعد آج اتوار سے باقاعدہ سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کردیا جائیگا۔ ولید اقبال نے کہا کہ چیئرمین عمران خان کا دورہ شہر کی صورتحال کے باعث عارضی طور پر ملتوی کردیاگیا تھا انشاء اللہ جلد چیئرمین عمران خان کو یہاں مدعو کیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کا خاتمہ کیلئے ہر کوشش کا تحریک انصاف بھرپور ساتھ دے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات