نئے بلدیاتی نظام میں اراکین اسمبلی اور بلدیاتی نمائندوں کی تجویز کردہ سکیموں کو ترجیح دی جائے گی‘ نادرچٹھہ

ہفتہ 25 فروری 2017 22:58

ملتان ۔25فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2017ء) قائمقام کمشنر ملتان ڈویژن نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر نئے بلدیاتی نظام میں اراکین اسمبلی اور بلدیاتی نمائندوں کی تجویز کردہ سکیموں کو ترجیح دی جائے گی ۔اس سلسلے میں وفاقی و صو بائی گرانٹ سے بھی خصوصی پیکج کے تحت فنڈز موصول ہو چکے ہیں۔ تمام ترقیاتی منصو بوں میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی اس خطے کو ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں اس لئے صحت اور تعلیم سمیت انفراسٹرکچر کے منصو بوں کیلئے اربوں روپے کے پراجیکٹ شروع کئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز کمشنر آفس میں ڈویژن بھر میں ترقیاتی منصو بوں کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر لودھراں راجہ خرم شہزاد، ڈپٹی کمشنر وہاڑی علی اکبر بھٹی اور ڈپٹی کمشنر خانیوال زید بن مقصود سمیت مختلف محکموں کے سربراہاں بھی اس موقع پر موجود تھے۔

قائمقام کمشنر نادر چٹھہ نے کہا کہ ملتان میں اربوں روپے کی لاگت سے میٹرو بس منصو بہ پایہ تکمیل تک پہنچ گیا ہے جس سے ہزاروں شہری روزانہ مستفید ہو رہے ہیں جبکہ صحت کے شعبے میں درجنوں مراکز صحت کی تعمیر اور اپ گریڈیشن بھی رواںمالی سال میں مکمل کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام سے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے سے عوام کو براہ راست ریلیف ملے گا ۔بلدیاتی اداروں کی اپنی کارکردگی بہتر بنا کر عوام کا اعتماد حاصل کرنا ہو گا ۔نادر چٹھہ نے کہا کہ ملتان ڈویژن میں ترقیاتی منصو بوں کی بر وقت تکمیل کیلئے تمام محکمے اپنا مثبت کردار ادا کریں ۔اس موقع پر قومی تعمیر نو کے محکموں کی جانب سے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی ۔