ایمرجنسی و ڈیزاسٹر مینجمنٹ عملہ اپنی پیشہ ورانہ اور تکنیکی مہارت سے نہ صرف جڑواں شہروں بلکہ ملک کے دیگر حصوں میں ناگہانی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کیلئے اپنے آپ کو ہمہ وقت تیار رکھے

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے ایمرجنسی و ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے عملے کو ہدایت

ہفتہ 25 فروری 2017 21:58

ایمرجنسی و ڈیزاسٹر مینجمنٹ عملہ اپنی پیشہ ورانہ اور تکنیکی مہارت سے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 فروری2017ء) میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے ایمرجنسی و ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے عملے سے کہا ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ اور تکنیکی مہارت سے نہ صرف جڑواں شہروں بلکہ ملک کے دیگر حصوں میں ناگہانی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لیے اپنے آپ کو ہمہ وقت تیار رکھیں۔ میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) کے ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کے لیے اس کو مزید موثئر اور بہتر بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال اور قدرتی آفات پر پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ قابو پایا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں ہفتہ کے روز منعقد ہونے والے ایک اجلاس میں کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ایمرجنسی و ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ ایمر جنسی و ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بہتر اور موئثر اقدامات اٹھائے ہیں جس سے ڈائریکٹوریٹ کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی تا ہم انہوں نے کہا کہ تمام تکنیکی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل افسران و ملازمین جو دوسرے شعبوں میں اپنے فرائض انجام دے رہے تھے ان کو اس شعبہ میں واپس ٹرانسفر کر دیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں بہتری کے پیشِ نظر خصوصی انتظامات کے ذریعے پیشہ ورانہ تربیتی پروگراموں میں ریسکیو ورکرز کو تربیت دے کر کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ آگ بجھانے والی جدید گاڑیوں (فائر ٹینڈرز) کا اضافہ کر کے موجودہ گاڑیوں کے بیڑے میں شامل کیا جائے گا۔اس موقع پر میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو بتایا گیا کہ گذشتہ ہفتے میں 37 ایمر جنسی کی کالز پر فوری رابطہ کیا گیااور ان میں سے 11 کالیں گرین علاقوں میں آگ لگنے،02 کالیں بجلی کی تاروں میں آگ بھڑک اٹھنے ، 02 کالیں دوسرے علاقے میں آگ لگنے، 01 کال گھر میں آگ لگنے سے متعلق جبکہ 01 کال کوڑا میں آگ لگنے کی موصول ہوئیں جن پر فوری طورپر موقع پر پہنچ کر قابو پایا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ گذشتہ ہفتے 05 مختلف قسموں کی ریسکیوسے متعلق کالیں موصول ہوئیں جنہیں دور کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ یہ کالیں اسلام آباد کے مختلف علاقوں بشمولG-7/3-1، ملپور ویلج، بری امام،سٹیٹ بینک کے نزدیکی علاقہ، بنی گالہ، G-8/4 ، F-10/3 ،F-10/2 ،ٹریل 5مارگلہ ہلز،I-10/4 ، شکرپڑیاں، F-6/4 ، F-10 ، G-7/3-2 ، G-7/4 ، F-6/1 ، G-6/2 ، بھارہ کہو اور سیکٹرI-10/2 سے موصول ہوئیں۔

اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ گذشتہ ہفتے کے دوران مختلف مقامات پر مختلف دفاتر کی درخواست پر متعدد اہم پروگراموں کے موقع پر حفاظتی اقدام کے طور پر فائر و ریسکیو کی نفری اور گاڑیاں تعینات کی گئیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ D-12 چوک،پریڈ گرائوند، رینجرز ہیڈ کوارٹرز اور مرغزار چوک میں بھی عملہ اور گاڑیوں تعینات کی گئیں۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شعبے کے افسران اور عملہ کی تکنیکی مہارتوں کی مقامی اور بین الاقوامی سطح پر جدید تربیتی پروگراموں میں شرکت کو یقینی بنایا جائے تاکہ عملہ و افسران جدید تکنیکی مہارتوں اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کے بعد کسی بھی ناگہانی صورتحال پر قابو پاسکیں۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے مزید ہدایت کی کہ کسی بھی حادثہ کی صورت میں حفاظتی و احتیاطی تدابیرسے عوام کی مکمل آگاہی کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔

متعلقہ عنوان :