چیف جسٹس سید منصور علی شاہ کی زیر صدارت لاہور ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس

ہفتہ 25 فروری 2017 21:55

لاہور۔25 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2017ء) لاہور ہائی کورٹ کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس ہفتہ کو چیف جسٹس سید منصور علی شاہ کی صدرات میں لاہور ہائیکورٹ میں منعقد ہوا. اجلاس میں انتظامی معاملات سمیت دیگر اہم امور پر غور کیا گیا . اجلاس میں پنجاب کی ماتحت عدلیہ کے 37 او ایس ڈی جوڈیشل آفیسرز کو معطل کر کے ان کے خلاف ریگولر انکوائری شروع کر دی گئی ہے .

اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ کے MIT سیکشن کی ریومپنگ کی منظوری دی گئی . اس ضمن میں ممبر انسپیکشن ٹیم لاہور ہائی کورٹ انتظامی کمیٹی کے ممبران سے ملکر سفارشات تیار کرکے جامعہ رپورٹ چیف جسٹس کو پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

. اجلاس میں ایڈیشنل سیشن ججز اور سول ججز کی بھرتی کے طریقہ کار پر تفصیلی غور کرنے کے بعد سلیبس کو تبدیل کرکے ریکروٹمنٹ کے میعار کو سی ایس ایس کے معیار کے مطابق کیا جائے گا .

اس ضمن میں لاہور ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس شاہد حمید ڈار کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی جس میں جسٹس محمد یاور علی اور جسٹس انوار الحق شامل ہیں . کمیٹی اپنی سفارشات چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھجوائے گی علاوہ ازیں کمیٹی جوڈیشل سروس کمیشن کے تشکیل کے لیے بھی سفارشات مرتب کرے گی . کمیٹی کی سفارشات کے مکمل ہونے کے بعد ایڈیشنل سیشن ججز اور سول ججز کے امتحان کی تاریخ دی جائے گی۔