سینیٹر سراج الحق کا سہون شریف کا دورہ ،شہداء کے خاندانوں سے اظہار تعزیت ،زخمیوں کی عیادت

ہفتہ 25 فروری 2017 21:26

سینیٹر سراج الحق کا سہون شریف کا دورہ ،شہداء کے خاندانوں سے اظہار تعزیت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے جماعت اسلامی کی صوبائی قیادت کے ہمراہ درگاہ حضرت لعل شہباز قلندر سہون شریف کا دورہ کیا ۔اس موقع پر دربار کے سجادہ نشین سید ولی محمد شاہ کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا ہے کہ سہون شریف کے سانحہ پر پوری قوم افسردہ ہے ۔

یہ ایک بزرگ ولی کی درگاہ پر نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ پر حملہ ہے ۔حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہی ہے ۔دو ہفتوں میں سہون شریف اور لاہور سمیت چاروں صوبوں میں دھماکے حکومتی ناکامی کی علامت ہے .7صدیوں بعد ہمارے مرکز پر یہ حملہ دشمن کے مکروہ عزائم کی نشاندہی کر تا ہے کہ دشمن ہمیں تقسیم کرنا چاہتا ہے مگر امت کو اپنے اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے دشمن کی ناپاک سازشوں کو ناکام بنانا اور اپنی درگاہوںاور درسگاہوں سمیت ملک کے چپے چپے کی حفاظت کرنا ہوگی ۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کسی اور واقعہ کے انتظار کے بجائے اس طرح کے عوامی مراکز کو فول پروف سیکورٹی دینے اور اولیاء اللہ کے مزارات ،مساجد و مدارس کی حفاظت کے لئے موثر اقدامات کرے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ سانحہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے گھرانوں اور لواحقین کی کفالت کا انتظام کرے اور زخمیوں کا سرکاری خرچ پر علاج معالجے کا بندوبست کیا جائے ۔

امیر جماعت اسلامی نے ایک سوال کے جواب میں سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ فوجی عدالتوں کی بحالی اور قیام کیلئے قومی اتفاق رائے ضروری ہے ،ردالفساد کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں سراج الحق نے کہا کہ قوم امن اور اپنی حفاظت چاہتی ہے حکومت اسے ضرب عضب ،قومی ایکشن پلان یا ردالفساد کا نام دے اصل مقصد عوام کو امن و امان اور جان و مال کی حفاظت فراہم کرنا ہے ۔

پانامہ لیکس مقدمہ کے حوالے سے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ عدالت کرپشن کے خلاف فیصلہ دے گی کیونکہ کرپشن ملک میں کینسر کی طرح پھیل چکی ہے ۔انہوں نے سجاد گان سید ولی محمد شاہ ،سید غضنفر علی شاہ ،سید حسنین شاہ اور سید مہدی حسن شاہ کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی اور پوری قوم آپ کے غم میں برابر کی شریک ہے ہمیں امید ہے کہ ملک میں اسلامی نظام کے قیام اور غلبہ کیلئے آپ اپنا موثر کردار ادا کریں گے ۔

اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسدللہ بھٹو ایڈووکیٹ ،امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الھدیٰ صدیقی ،صوبائی سیکرٹری جنرل ممتاز سہتواور مقامی راہنماء بھی موجود تھے ۔سید ولی محمد شاہ نے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اور ان کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد سے دربار سے وابستہ سجادگان اور ان کے گھرانوں کو حوصلہ ملا ہے ۔

ہمیں خوشی ہے کہ ملک کی ایک بڑی سیاسی جماعت کی قیادت ہمارے دکھ اور غم کے موقع پر ہمارے ساتھ ہے ۔انہوں نے ملک میں نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کیلئے امیر جماعت اسلامی کو اپنی مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا ۔ قبل ازیں نوری آباد گوٹھ نواب خان میں سانحہ سہون میں پالاری برادری کے 12شہداء کے گھروں میں جاکر ان کے لواحقین اور پالاری برادری کے وڈیرہ اسلم پالاری سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

متعلقہ عنوان :