لاہور، دینی ، سیاسی و سماجی راہنمائوں کی آپریشن رد ا لفساد کی حمایت

حکمرانوں کی بھارت نوازی کی مذمت ،حافظ سعید کی نظر بندی جلد ختم کرنیکا مطالبہ

ہفتہ 25 فروری 2017 21:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2017ء) تنظیم شہریان لاہور کے زیر اہتمام پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور ملک گیر آپریشن ’’ردا لفساد‘‘کی حمایت میں تقریب لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں چیئرمین شہریان لاہور محمد شفیق رضا قادری ودیگر دینی ،سیاسی و سماجی راہنمائوں عبد اللہ ملک، علی رضا ، علامہ حسن ہمدانی، علامہ ممتاز اعوان،علی عمران شاہین،مولانا محمد نعیم بادشاہ، ڈاکٹر عبد الغفور راشد، محمدصدیق اظہر ایڈووکیٹ،مولانا رجیع اللہ خان،پروفیسر عتیق اللہ عمر،میڈم شہزاد منیر، نوشیروان، عامر چشتی ،ڈاکٹر شاہد نصیر، آصف کریم،عامر قادری،شاہد علی ودیگر معززین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور پاک فوج سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیساتھ وطن عزیز میں بڑھتی دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے پاک فوج کے شروع کیے جانے والے آپریشن’’ردالفساد‘‘کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ایک قرار داد کے ذریعے حکمرانوں کی بھارت نوازی کی شدید مذمت اور حافظ محمد سعید کی نظر بندی جلدختم کرنیکا بھی مطالبہ کیا گیااور کہا گیا کہ دہشتگردی کی لعنت کے یکسر خاتمہ کیلئے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے اور وہ وطن و امن دشمنوں کے تمام تر ناپاک سازشوں کو ملیامیٹ کردیگی انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے اور امن و سلامتی کے قیام کیلئے ملک گیر آپریشن ردالفساد انتہائی ناگزیر تھا اس ضمن میں پاک فوج نے یہ جرات مندانہ اقدام اٹھا کر پوری قوم کے دل جیت لئے ہیں اس پر پاک فوج کو جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے ۔