حمید نظامی نے تحریک پاکستان کے دوران قائداعظمؒ کے سپاہی کی حیثیت سے بھرپور کام کیا، کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا،کرنل(ر) اکرام اللہ خان

ہفتہ 25 فروری 2017 21:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2017ء) حمید نظامی نے تحریک پاکستان کے دوران قائداعظمؒ کے سپاہی کی حیثیت سے بھرپور کام کیا۔ آپ پاکستان میں اصولوں پر مبنی صحافت کے بانی اور اعلیٰ فکر و کردار کے مالک ایسے انسان تھے جنہوں نے کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا ۔حمید نظامی نے اپنے قلم کے ذریعے بے مثال قومی و ملی خدمات انجام دیں۔

انہوں نے جابر سلطان کے سامنے کلمہٴ حق کہنے کا درس دیا۔ حمید نظامی نے قائداعظمؒ کے فرمان کے مطابق23مارچ1940ء کو ’’ نوائے وقت‘‘ کا اجراء کیا ۔ان خیالات کااظہار تحریک پاکستان کے کارکن کرنل(ر) اکرام اللہ خان نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہور میں تحریک پاکستان کے ممتاز رہنما و بانی نوائے وقت حمید نظامی مرحوم کی55ویںبرسی کے موقع پر ان کی حیات وخدمات کو اجاگر کرنے کیلئے منعقدہ خصوصی لیکچر کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس لیکچر کا اہتمام نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔اس موقع پر سیکرٹری نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید، اساتذہٴ کرام سمیت طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک ،نعت رسول مقبولؐ اور قومی ترانہ سے ہوا۔کرنل(ر) اکرام اللہ خان نے کہا کہ حمید نظامی باقاعدگی کے ساتھ علامہ محمد اقبالؒ کی خدمت میں حاضر ہوا کرتے تھے ۔

علامہ محمد اقبالؒ نے حمید نظامی مرحوم سے کہا کہ نوجوانوں کو قائداعظمؒ کی قیادت میں متحد کرو ۔ چنانچہ انہوں نے مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کی بنیاد رکھی اور طلبہ کو اس پلیٹ فارم پر متحد کیا۔مجھے بھی ان کی زیر قیادت کام کرنے کا موقع ملا۔ 1945-46ء کے انتخابات میں مسلم لیگ امیدواروں کی کامیابی کیلئے انہوں نے دن رات کام کیا۔ حمید نظامی سمجھتے تھے کہ پاکستان کی بقاء کا دارومدار جمہوری روایات و اقدار کی سربلندی پر ہے‘ لہٰذا وہ پاکستان اور جمہوریت کو ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم تصور کرتے تھے۔

جب جنرل محمد ایوب خان نے ملک میں مارشل لاء نافذ کردیا اور جابرانہ قوانین کے ذریعے پریس کا گلا گھونٹ کے رکھ دیا‘ تب بھی حمید نظامی تادمِ آخر اس کی مخالفت پر ڈٹے رہے حتیٰ کہ وہ عارضہٴ قلب میں مبتلا ہوگئے اور 25فروری 1962ء کو اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔ حمید نظامی اور مجید نظامی میں پاکستانیت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی اور وہ ہر چیز کو اس پیمانے پر جانچتے تھے۔

قیام پاکستان اور تعمیر پاکستان کیلئے ان دونوں بھائیوں کی بڑی خدمات ہیں۔ شاہد رشید نے کہا کہ حمید نظامی تحریک پاکستان کے ممتاز رہنما تھے۔ انہوں نے علامہ محمد اقبالؒ کی تحریک پر مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن پنجاب کی بنیاد رکھی۔ اس تنظیم نے تحریک پاکستان میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا۔حمید نظامی نے قائداعظمؒ کے کہنے پر ’’نوائے وقت‘‘ کی بنیاد رکھی اور اپنے اخبار کے ذریعے بھی تحریک پاکستان میں تاریخ ساز کردار ادا کیا۔

انہوں نے قیام پاکستان کے بعد تعمیر پاکستان میں بھی بھرپور حصہ لیا۔حمید نظامی کی سوچ اور وژن کو لے کر مجید نظامی آگے بڑھے اور ہمیشہ کلمہٴ حق بلند کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ تحریک پاکستان کے مشاہیر کے افکار اور حیات و خدمات کی ترویج و اشاعت کیلئے مسلسل سرگرم عمل ہے تاکہ ہماری نئی نسلیں اپنے بزرگوں کے کردار کو اپنا کر پاکستان کو آگے لے جا سکیں۔پروگرام کے آخر میں حمید نظامی کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :