وزیراعظم کا دورہ ترکی انتہائی کامیاب رہا ،ا س دورے سے پاکستان اور ترکی کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے،وزیراعظم نے درست کہا ہے کہ ہم کام کرتے ہیں اور مخالفین صرف باتیں کرتے ہیں

مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی آزاد علی تبسم کا بیان

ہفتہ 25 فروری 2017 21:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 فروری2017ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی آزاد علی تبسم نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ ترکی انتہائی کامیاب رہا ،ا س دورے سے پاکستان اور ترکی کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے،وزیراعظم نے درست کہا ہے کہ ہم کام کرتے ہیں اور مخالفین صرف باتیں کرتے ہیں ، ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ سی پیک کے علاوہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں گیس کی بنیاد پر 3600 میگا واٹ کے منصوبے بھی لگائے جا رہے ہیں۔

تین سال میں ملک میں ہر طرف ترقی ہوئی،ملک بھر میں خوشحالی کاسفر جاری ہے، صحت ،تعلیم ،زراعت ،لائیوسٹاک،توانائی ،معدنیات سمیت ہر شعبہ کی کارکردگی نمایاں ہے ، د ھرنے کی سیاست کرنے والے ملک کی ترقی میں رکاوٹ پیدا نہ کریں، عوام کا مطالبہ ہے کہ عمران خان ترقی کے اس سفر میں ساتھ دیں وہ احتجاج کی سیاست چھوڑ دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملک سے بے روزگاری کے خاتمہ کے لئے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے ، ماضی میں اگر توانائی کے بحران پر قابو پالیا جاتو اب صورت حال مختلف ہوتی۔

انہوں نے کہا چین نے مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا ہاتھ تھام کر دوستی کا حق نبھایا ہے۔ چین کے پاس دیگر ممالک میں سرمایہ کاری کے آپشن موجود تھے لیکن اس نے پاکستان کو ترجیح دی۔چین ہماری مدد کوآیا ہے تا ہم کچھ لوگ مدد کرنے کی بجائے پاکستان کے ساتھ دشمنی پر اتر آئے ہیں جنہوں نے قرضے معاف کرائے اور قومی دولت لوٹی تو انکا بھی کڑا احتساب ہونا چائیے۔ قرض معاف کرانے والے کہتے ہیں کہ ہماری بات نہ کی جائے اور ہم سے نہ پوچھا جائے۔ لیکن ایسا نہیں ہو گا۔ کرپشن کے خاتمے کے لئے سب کا بلا امتیاز احتساب ضروری ہے۔ غریب قوم کا سر فخر سے بلند کرنے کے لئے سب کا کڑا احتساب ضروری ہے۔