ہزار سکولوں میں سولرپینلز لگانے کے پروگرام کے پہلے مرحلے کا آغاز جنوبی پنجاب سے ہوگا ‘شہبازشریف

’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ کے تحت سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر جاری ہے، عدم دستیاب سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی سولر پینلز لگانے کے پروگرام کو فاسٹ ٹریک پر آگے بڑھایا جائے، اس ضمن میں قائم سٹیئرنگ کمیٹی کی صدارت میں خود کرونگا جنوبی پنجاب کے سکولوں میں سولر پینلز لگانے اور پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے تحت نیو سکولز پروگرام میں توسیع کی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس،صوبے میں فروغ تعلیم کیلئے مختلف اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ

ہفتہ 25 فروری 2017 20:37

ہزار سکولوں میں سولرپینلز لگانے کے پروگرام کے پہلے مرحلے کا آغاز جنوبی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں فروغ تعلیم کیلئے مختلف اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ کے تحت سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر، سکولوں میں سولر پینلز لگانے اور طالبات کو وظائف کی فراہمی کے پروگراموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے پہلے مرحلے میں جنوبی پنجاب کے سکولوں میں سولر پینلز لگانے اور پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے تحت نیو سکولز پروگرام میں توسیع کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے 17ہزار سکولوں میں سولر پینلز لگائے جائیں گے اور اس پروگرام کا آغاز جنوبی پنجاب کے سکولوں سے کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں کے سکولوں میں سولر پینلز کی تنصیب کا پروگرام بہت اہمیت کا حامل ہے، اس لئے سولر پینلز لگانے کے پروگرام کو فاسٹ ٹریک پر آگے بڑھایا جائے اور اس ضمن میں قائم کردہ سٹیئرنگ کمیٹی کا ہر 15 روز بعد اجلاس ہوگا جس کی صدارت میں خود کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ 17 ہزار سکولوں میںسولر پینلز لگانے کے کام کو جلد سے جلد مکمل کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کے اضلاع کی چھٹی سے دسویں جماعت تک کی طالبات کیلئے ماہانہ وظیفہ ایک ہزار روپے کر دیا ہے اور اس پروگرام کیلئے 5 ارب روپے سے زائد رقم رکھی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے یہ پروگرام انتہائی سودمند ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ کے تحت سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ جن سکولوں میں اضافی کمرے تعمیر کئے جا رہے ہیں وہاں عدم دستیاب سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔اضافی کمروں کی تعمیر سے بچوں اور بچیوں کو بہتر تعلیمی سہولتیں میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اضافی کمروں کی تعمیر کے پروگرام میں اعلیٰ معیارکو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہو داحمد، چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن ایم پی اے انجینئر قمرالاسلام، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز تعمیرات و مواصلات، سکولز ایجوکیشن، خزانہ، توانائی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :