ترکش مشن پاکستان میں ویزہ کے اجراء کی صلاحیتی تعداد میں اضافہ کیلئے عملی اقدامات کرچکا ہے، مراد مصطفی اونارت

لاہور میں بھی جلد قونصل خانہ قائم کیا جائے گاجہاں سے مزید ویزوں کا اجراء ہوسکے گا، گفتگو

ہفتہ 25 فروری 2017 19:52

ترکش مشن پاکستان میں ویزہ کے اجراء کی صلاحیتی تعداد میں اضافہ کیلئے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2017ء) ترکی کے کراچی میںتعینات قونصل جنرل مراد مصطفٰے اونارت نے کہا ہے کہ ترکش مشن پاکستان میں ویزہ کے اجراء کی صلاحیتی تعداد میں اضافہ کیلئے عملی اقدامات کرچکا ہے، لاہور میں بھی جلد قونصل خانہ قائم کیا جائے گاجہاں سے مزید ویزوں کا اجراء ہوسکے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ایسوسی ایشن کے چیئرمین نعیم شریف، ترکش ائیرلائنز کے جنرل منیجر فاتح اتاجن تیمیل ، ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد نعیم، وائس چیئرمین انور رشید ، سابق چیئرمین حنیف رنچ، اراکینِ ایگزیکٹیو کمیٹی تفسیر الاسلام، حاجی مراد، نور محمد ، جاوید اختر،سینئر ممبران فرقان قادر، نوید صدیقی، سلیم اقبال، خوب چند اوچانی، محمد کلام الدین اور خواجہ جہانزیب اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ترکی کے قونصل جنرل مراد مصطفٰے اونارت نے پاکستان ترکی کے درمیان سیاحت کے فروغ کیلئے ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان اور ایسوسی ایشن آف ترکش ٹریول ایجنسیز کی کاوشوں کو سراہا اور تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات دوستانہ اور دیرینہ ہیںجس کی جڑیں تحریکِ خلافت تک جاتی ہیں۔

پاکستان اور ترکی کے عوام کے درمیان ایک دوسرے کیلئے بہت احترام ہے اور یہ رشتہ دوستی ہم آہنگی پر محیط ہے۔ ترکی یورپ میں سیاحوں کی توجہ کا اہم مرکز ہے اور ہمہ اقسام سیاحتی مواقع فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے ترکی ازمیر میں پاکستان پویلین کے انعقاد کی تعریف کی اور پاکستان اور ترکی کی قومی سیاحتی ایسوسی ایشنز کے فعال کردار کی تعریف کی اور اپنے تعاون کا یقین دلایا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین نعیم شریف نے کہا کہ ترکی پاکستانی سیاحوں کیلئے ترجیحی سیاحتی مقام ہے پاکستان اور ترکی دیرینہ دوست ہیں اور اس دوستی کی بنیاد بھائی چارہ، ہم آہنگی اور یکساں مذہبی و ثقافتی اقدار پر محیط ہے۔ دونوں دوست ممالک کے درمیان خارجہ پالیسی، بین الاقوامی تعلقات ، دفاعی تعاون کے ساتھ دوطرفہ تجارت و سیاحت قابلِ ذکر اور اہم ہیں۔

پاکستان بھی قدرتی حسن و جمال ، قابلِ ذکر سیاحتی مقامات اور وسائل سے معموربے مثال ملک ہے۔پاکستان اور ترکی کے درمیان سیاحت کو پروان چڑھانے اور سیاحت کو دونوں ممالک کی ٹریول ایجنسیز کے مفاد میں اجاگر کرنے کیلئے ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان اور ایسوسی ایشن آف ترکش ٹریول ایجنسیز کے مابین باہمی تعاون معاہدہ کے بعد پاکستانی اور ترکش ٹریول ایجنسیز کے درمیان 200 سے زائد بزنس میٹنگز کا انعقاد کیا گیاجس کے تحت سیاحت کو فروغ حاصل ہوا ہے ۔

نعیم شریف نے زور دیا کہ پاکستان اور ترکی کی دونوں قومی ایسوسی ایشنز دوطرفہ سیاحت کے فروغ کیلئے اپنا فعال کردار ادا کررہی ہیں اس تناظر میں پاکستان اور ترکی کی حکومتوں کی حمایت اہم ہے تاکہ تسلسل کے ساتھ سیاحتی سرگرمیاں جاری رہیں۔ٹیپ اور ترکش ٹریول کے درمیان باہمی تعاون سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ دوطرفہ دیرینہ اور دوستانہ تعاون میںمزید استحکام کا باعث بنے گا۔

انہوں نے قونصل جنرل کو سیاحتی تعاون کے فروغ کے حوالے سے ایسوسی ایشن کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔نعیم شریف نے ترکی کو یورپ کیلئے گیٹ وے اور پاکستان کو وسط ایشیائی ریاستوں، چین اور جنوبی ایشیا کیلئے گیٹ وے قرار دیااور دوطرفہ سیاحت کے فروغ کیلئے پاکستان اور ترکی کے درمیان ترکش ائیرلائنز جوکہ پاکستان کی قومی ائیرلائنز کا کوڈ شیئرنگ پارٹنر ہے کے ذریعے براہِ راست فضائی رابطے کو سراہا ۔

متعلقہ عنوان :