جنوبی پنجاب کیلئےچھٹی تادسویں جماعت طالبات کیلئےماہانہ1000روپےوظیفہ کااعلان

”خادم پنجاب سکولز پروگرام“کےتحت پہلےمرحلےمیں جنوبی پنجاب کیلئے17ہزارسکولوں میں سولرپینلزکااآغازہوگا،سولرپینلز لگانےاورپنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت نیو سکولز پروگرام میں توسیع کی منظوری،وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس،صوبے میں فروغ تعلیم کیلئےمختلف اقدامات پرپیش رفت کا جائزہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 25 فروری 2017 18:55

جنوبی پنجاب کیلئےچھٹی تادسویں جماعت طالبات کیلئےماہانہ1000روپےوظیفہ ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25فروری2017) : وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت آج یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں فروغ تعلیم کیلئے مختلف اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ”خادم پنجاب سکولز پروگرام“ کے تحت سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر، سکولوں میں سولر پینلز لگانے اور طالبات کو وظائف کی فراہمی کے پروگراموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے پہلے مرحلے میں جنوبی پنجاب کے سکولوں میں سولر پینلز لگانے اور پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت نیو سکولز پروگرام میں توسیع کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے 17ہزار سکولوں میں سولر پینلز لگائے جائیں گے اور اس پروگرام کا آغاز جنوبی پنجاب کے سکولوں سے کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں کے سکولوں میں سولر پینلز کی تنصیب کا پروگرام بہت اہمیت کا حامل ہے، اس لئے سولر پینلز لگانے کے پروگرام کو فاسٹ ٹریک پر آگے بڑھایا جائے اور اس ضمن میں قائم کردہ سٹیئرنگ کمیٹی کا ہر 15 روز بعد اجلاس ہوگا۔

جس کی صدارت میں خود کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ 17 ہزار سکولوں میں سولر پینلز لگانے کے کام کو جلد سے جلد مکمل کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کے اضلاع کی چھٹی سے دسویں جماعت تک کی طالبات کیلئے ماہانہ وظیفہ ایک ہزار روپے کر دیا ہے اور اس پروگرام کیلئے 5 ارب روپے سے زائد رقم رکھی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے یہ پروگرام انتہائی سودمند ہے۔

انہوں نے کہا کہ ”خادم پنجاب سکولز پروگرام“ کے تحت سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ جن سکولوں میں اضافی کمرے تعمیر کئے جا رہے ہیں وہاں عدم دستیاب سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔اضافی کمروں کی تعمیر سے بچوں اور بچیوں کو بہتر تعلیمی سہولتیں میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اضافی کمروں کی تعمیر کے پروگرام میں اعلیٰ معیارکو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہو داحمد، چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ایم پی اے انجینئر قمرالاسلام، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز تعمیرات و مواصلات، سکولز ایجوکیشن، خزانہ، توانائی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔