Live Updates

حکومت ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے‘ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے، پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں متوقع ہے‘دشمن کو یہ پیغام دینا ہے کہ وہ اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے

وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 25 فروری 2017 18:57

حکومت ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے بھرپور کوششیں کر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2017ء) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ حکومت ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے جس کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل لاہور میں متوقع ہے جس کا مقصد کھیلوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور دشمن کو یہ پیغام دینا ہے کہ وہ اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

وہ ہفتہ کو یہاں پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقدہ نیزہ بازی اسلام آباد کپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جس سے بہتر نتائج کے حصول کیلئے نچلی سطح سے نکھارنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ نیزہ بازی ہمارا روایتی کھیل ہے جو نوجوانوں کیلئے ایک صحت مند سرگرمی ہے، حکومت ایسی تعمیری سرگرمیوں میں شامل نوجوانوں کی ہر ممکن معاونت کرے گی تاکہ ان کا مستقبل روشن بنایا جا سکے۔

بعد ازاں ویسٹ ایشیاء بیس بال کپ کی افتتاحی تقریب پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ وفاقی وزیر نے ویسٹ ایشیاء بیس بال کپ میں شرکت کرنے والی 5 قومی اور بین الاقوامی ٹیموں کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ قومی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی اور تمام میچز شیڈول کے مطابق پرامن طور پر منعقد کئے جائیں گے۔ دو روزہ نیزہ بازی کے مقابلے (آج) اتوار کو اختتام پذیر ہوں گے جس میں 100 سے زائد کلبز حصہ لے رہے ہیں جبکہ بیس باس کپ کی ٹیمیں سری لنکا، نیپال، ایران، عراق شرکت کیلئے یہاں آئی ہیں جبکہ پاکستان میزبان ٹیم کی حیثیت سے شرکت کر رہا ہے، بیس بال کپ کا سیمی فائنل 28 فروری اور فائنل یکم مارچ کو کھیلا جائے گا۔
Live پی ایس ایل 9 سے متعلق تازہ ترین معلومات