پاک چین اقتصادی راہداری کامنصوبہ ہماری بقاء اور سلامتی کاضامن ہے‘ میاں مقصود احمد

بھارت،اسرائیل اور امریکہ کے آلہ کاروں کیلئے پاکستان کی سرزمین کو تنگ کرنا ہوگا، انڈیا دنیا بھر سے اسلحہ اکٹھاکررہا ہے اور ہم اندرونی انتشار کاشکار ہیں‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب کا صوبائی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب

ہفتہ 25 فروری 2017 18:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2017ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد نے کہاہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کامنصوبہ پاکستان کی بقاء اور سلامتی کاضامن ہے ،اس طویل المدتی پراجیکٹ پر بھارتی تحفظات کو چین بھی مستردکرچکا ہے مگر اس کے باوجود ہندوستان مسلسل اس کے خلاف سرگرم عمل ہے،وہ کسی بھی طور پر اقتصادی راہداری کے اس عظیم الشان منصوبے کی تکمیل نہیں چاہتا ،متعددبار نریندرمودی عوامی اجتماعات میں اس کے خلاف دھمکی آمیز بیانات دے چکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان دشمن عناصر کو اس منصوبے میں شامل کرنے کے خواب چھوڑ کر دشمن کی حقیقی چالوں کو بے نقاب کرے اور آپس میں پائے جانے والے اختلافات کو جلدازجلد ختم کیاجائے۔

(جاری ہے)

پاکستان معاشی لحاظ سے زبوں حالی کا شکار ہے۔عوام کو کسی بھی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔

ملک کی نصف آبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور اور روزگار کے مواقع ناپید ہوچکے ہیں۔خوشحالی کے دعویداروں نے عوام پر قرضوں کے پہاڑ کھڑے کردیئے ہیں۔ملک میںپیداہونے والاہر بچہ ایک لاکھ17ہزار روپے کامقروض ہوچکا ہے۔قرض پر قرض لینے کے باوجود عوامی مسائل میں کمی کی بجائے دن بدن اضافہ ہوتاجارہا ہے۔میاں مقصوداحمد نے کہاکہ ایک طرف حکمران لوٹ مار کرنے میں لگے ہوئے ہیں جبکہ دوسری جانب دشمن قوتیں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کے حالات خراب کررہی ہیں وہ سی پیک منصوبے کو مسلسل نشانہ بنارہی ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی سازشوںکوناکام بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ایسی پالیسیاںمرتب کی جائیں جو20کروڑعوام کے جان ومال اور معاشی تحفظ کو یقینی بنائیں۔اب وقت آگیا ہے کہ ہندوستان اسرائیل اور امریکہ کے خفیہ اداروں کے گٹھ جوڑ کوتوڑ کر ان کے لیے پاک سرزمین کوتنگ کردیا جائے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نازک دور سے گزررہا ہے۔ایک طرف دشمن ہمارے درمیان اختلافات کو ہوادینے کی کوشش کررہا ہے تو دوسری جانب بے گناہ اور معصوم زندگیوں سے کھیلنے کی ناپاک جسارت کررہا ہے۔

ان کی تمام سازشوں کو ناکام بناکر ہی ہم پاکستان کے مستقبل کومحفوظ اور پائیدار استحکام حاصل کرسکتے ہیں۔ بھارت دنیا بھرسے اسلحہ اکٹھاکررہا ہے اورجنگی تیاریوں میں مصروف ہے مگر بدقسمتی سے ہم آپس کے اختلافات اور اندرونی انتشار کا شکار ہیں۔