پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما میاں خالد سعید نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک

نماز جنازہ میں محمود الرشید ، چوہدری منظور ، یوسف اعوان و دیگر کی شرکت ، قمر زمان کائرہ و دیگر کا اظہار افسوس

ہفتہ 25 فروری 2017 18:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2017ء) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ، سابقہ ٹکٹ ہولڈر میاں خالد سعید کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ خالد سعید کی نماز جنازہ اچھرہ شریف پارک میں ادا کی گئی جس میں پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید ، پیپلز پارٹی کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری چوہدری منظور ، یوسف اعوان ، نوید چوہدری ، محمد اسلم گل ، عزیز الرحمن چن ، علی اصغر اعوان سمیت مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی ۔

اس موقع پر مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی گئی ۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مرحوم کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔علاوہ ازیں صدر پاکستان پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب قمر زمان کائرہ، جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب ندیم افضل چن ،انفارمیشن سیکرٹری پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب مصطفٰی نواز کھوکھر ،ملک طارق خورشید ، نسیم صابر اور عثمان سنگوکانے میاں خالد سعید کے وفات پا جانے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے برابر کے شریک ہیں۔

(جاری ہے)

میاں خالد سعیدمحب وطن سیاسی رہنما تھے جن کی کمی عرصہ تک محسوس ہوتی رہے گی۔پی پی پی رہنمائوں نے مرحوم کی پارٹی خدمات کو سراہا۔ خدا وند کریم مرحوم کے پسماندگان کو جدائی کایہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔