دشمن کا ایجنڈہ فرقہ وارانہ اور نسلی و لسانی تعصبات کو ہوا دینا ہے ،ْسینیٹر ساجد میر

ہمیں اتحاد یکجہتی کو فروغ دے کر دشمن کی چالیں ناکام بنانا ہونگی ،ْامیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان

ہفتہ 25 فروری 2017 17:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2017ء) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر علامہ ساجد میر نے کہا ہے کہ دشمن کا ایجنڈہ فرقہ وارانہ اور نسلی و لسانی تعصبات کو ہوا دینا ہے ۔ دینی و سیاسی جماعتیں ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کریں یہ وقت پوائنٹ اسکورنگ یا گروہی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کا نہیں ۔ ہمیں اتحاد یکجہتی کو فروغ دے کر دشمن کی چالیں ناکام بنانا ہونگی ۔

وہ گذشتہ روز دو روزہ دورے پر کراچی پہنچنے کے بعد ائیر پورٹ پر استقبال کے لئے آئے ہوئے مرکزی جمعیت اہلحدیث سندھ کے رہنمائوں اور کارکنان سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر مفتی یوسف قصوری ،مولانا ابراہیم طارق ، مولانا افضل سردار ، سید عامر نجیب ، محمد اشرف قریشی ، قاری خلیل الرحمن جاوید اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ سی پیک منصوبہ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا منصوبہ ہے اور اس کی کامیابی کا انحصار قیام امن پر ہے ۔

انھوں نے کہا کہ کراچی میں امن کی بحالی سول ملٹری انڈر اسٹینڈنگ کا نتیجہ ہے ، صورتحال پر شہریوں کا اطمینان حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے لئے کسی ایوارڈ سے کم نہیں ۔ سینیٹر ساجد میر نے مزید کہا کہ شہر میں مذہبی ہم آہنگی کے لئے مزید پیش رفت کی ضرورت ہے جس کے لئے تمام مکاتب فکر کو گروہی ایجنڈے پر ملکی ایجنڈے کو ترجیح دینا ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :