پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کی بلا جواز مداخلت پر اظہار تشویش ہے،سلیم مانڈوی والا

ہفتہ 25 فروری 2017 16:52

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن  کی بلا جواز ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2017ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی بلا جواز مداخلت پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی اسٹاک بروکرز کو بچانے کی کوشش نہیں کررہے اگر کسی اسٹاک بروکرز نے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے یا کسی جرم میں ملوث ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے لیکن ایس ای سی پی کی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بلا جواز مداخلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اپنے جاری ایک بیان میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ قوانین کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سنگل ممبر کمپنی بروکریج ہاوس کا لائسنس نہیں لے سکتی مگر سنگل ممبر کمپنیاں سالہا سال سے بروکریج ہاوسز چلا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ایس ای سی پی ان کمپنیوں کو روکنے میں ناکام رہا ہے۔ اب ایس ای سی پی اپنی ناکامی کی ذمہ داری اسٹاک بروکرز پر ڈال رہا ہے۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ایس ای سی پی کی ناکامی اور نا اہلی کا انداز اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ چیئرمین ایس ای سی پی نے ملک بھر میں بروکرز کی ایسوسی ایشن قائم کرنے کا کہا ہے حالانکہ پاکستان اسٹاک بروکرز ایسوسی ایشن پہلے سے موجود ہے جس کے چیئرمین یاسین لاکھانی ہیں۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہایس ای سی کی مداخلت کی وجہ سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری متاثر ہوسکتی ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری روک سکتے ہیں۔ ایس ای سی پی اسٹاک بروکز پر دباو ڈالنا بند کرے تاکہ وہ بلا خوف کاروبار کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :