پنجاب کے تمام سرکاری سکولوں میں طلبہ کو کتابوں کے ساتھ سکول بیگ دینے کا بھی فیصلہ

ہفتہ 25 فروری 2017 16:51

پنجاب کے تمام سرکاری سکولوں میں طلبہ کو کتابوں کے ساتھ سکول بیگ دینے ..
سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے سرگودھا سمیت صوبہ بھر کے تمام سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کو نئے تعلیمی سال کے شروع ہونے پر کتابوں کے ساتھ سکول بیگ دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں ایک کروڑ کے قریب سکول بیگ تیار کروائے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب کے تحت اب ایک نیا اقدام اٹھایا ہے۔

(جاری ہے)

پریپ کلاس سے لے کر 9 ویں کلاس تک کے طلباء و طالبات کے لئے کتابوں کے ساتھ ساتھ اب سکول بیگ دینے کا بھی حکم جاری کیا ہے۔ جس پر محکمہ تعلیم نے سرگودھا سمیت پنجاب بھر کے تمام سکولوں کے طلباء کی تعداد کو مد نظر رکھتے ہوئے سکول بیگ تیار کروانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں، اس وقت پنجاب بھر میں 95 لاکھ سے زائد طلباء و طالبات سرکاری سکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ پہلے مرحلہ میں 25 لاکھ سے زائد طلباء و طالبات کو بیگ دیئے جائیں گے جس پر 80 کروڑ روپے خرچ ہونگے۔

متعلقہ عنوان :