چیئرمین ایجوکیشن بورڈ نے موسم بہار کا پودا لگاکر شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا

درخت اور پودے لگانے اور انکے پتوں سے نکلنے والی آکسیجن انسانی صحت کیلئے موزوں ہے، پروفیسر مہر غلام جھگڑ

ہفتہ 25 فروری 2017 16:33

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2017ء) درخت اور پودے لگانے سے نہ صرف آب و ہوا معطر ہو تی ہے بلکہ ان کے پتوں سے نکلنے والی آکسیجن انسانی صحت کیلئے نہایت موزوں ہے یہی وجہ ہے کہ اکثر ڈاکٹرز مریضوں کو پرفضا مقامات کی سیرکو جانے کی ہدایت کرتے ہیں جبکہ ترقی یافتہ ممالک ایسے ہیں جن کی تجارت کا 60 فیصد سے زائد حصہ ان کے جنگلات پر مشتمل ہے ان خیالات کا اظہار چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ نے گزشتہ روز ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کے احاطہ میں پودا لگا کر موسم بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری بورڈ خرم قریشی اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد ظفر اقبال طاہر نے بھی الگ الگ پودے لگائے۔

(جاری ہے)

چیئرمین بورڈ نے مزید کہا کہ درختوں کی افادیت و اہمیت سے کسی بھی طرح انکار ممکن نہیں اس بارے میں نبی کریمؐ کا ارشاد پاک ہی کافی ہے کہ ’’درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے‘‘ یعنی جب اعمال کا رجسٹرڈ بند ہو جائے گا تو اس وقت بھی ہاتھ سے لگایا ہوا پودا یا درخت ہماری بخشش و مغفرت کا سامان مہیا کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے ترقی یافتہ ممالک ایسے ہیں جن کی تجارت کا 60 فیصد سے زائد حصہ ان کے جنگلات پر مشتمل ہے یہی وجہ ہے کہ وہاں مصنوعی جنگلات لگائے جاتے ہیں کیونکہ درخت بارشوں اور سیلاب کی صورت میں زمین کو کٹائو سے بھی بچاتے ہیں۔ پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ نے ہدایت کی کہ موسم بہار کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ایجوکیشن بورڈ کے میدانوں اور روشوں پرجلد موسمی پھل و پھولدار پودے لگانے کا کام پائیہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ بروقت پھول کھلنے سے خوبصورتی میں اضافہ اورخوشبو سے فضا مہک اٹھے۔

متعلقہ عنوان :