دہشت گردوں پر پاک سرزمین تنگ کردی گئی

آپریشن رد الفسادکے دوران22افغان باشندوں سمیت200 سے زائد افرادگرفتار اسلام آباد سی50،پشاور 50، لاہور 7،سیالکوٹ10، چنیوٹ 24، رحیم یار خان 12، پنڈی بھٹیاں 27، کندیاں سے 25افرا د کو گرفتار کیا گیا افغانستان سے پاکستان بارود سمگل کرنیوالے دو ٹرک ڈرائیوربھی پکڑ لئے گئے،بارود برآمد

ہفتہ 25 فروری 2017 16:29

دہشت گردوں پر پاک سرزمین تنگ کردی گئی
اسلام آباد،لاہور،پشاور،کراچی،سیالکوٹ،رحیم یارخان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2017ء) ملک بھر میں آپریشن رد الفساد کے تحت دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں و جرائم پیشہ عناصر پر زمین تنگ کردی گئی ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران22افغان باشندوں سمیت 200سے زائد مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا گیا، افغانستان سے پاکستان بارود سمگل کرنیوالے دو ٹرک ڈرائیوروں کو بھی حراست میں لے لیا گیا،قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد ہوا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں جاری آپریشن رد الفساد کے دوران قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں بالخصوص بس سٹینڈز اور سٹاپس سے چار افغانیوں سمیت تقریباً50افراد ک حراست میں لے لیا ۔

(جاری ہے)

لاہور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے ہاسٹلز اور قذافی سٹیڈیم کے قریبی علاقے سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں پو لیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران 7 افراد کو حراست میں لے لیا کیا ہے۔

اس دوران سٹیڈیم کے راستے سیل کرکے لوگوں کی تلاشی لی گئی ۔ پولیس افسر ناصر باجوہ کا کہنا ہے کہ تلاشی کے دوران سات مشکوک افراد کو شناختی دستاویزات نہ ہونے پر حراست میں لے لیا گیا۔سیکورٹی خدشات کے باعث نیشنل کالج آف آرٹس میں ایک ہفتے کی چھٹیاں دے دی گئیں۔ پولیس نے پنجاب یونیورسٹی میں تمام ہوسٹلز خالی کر کے سرچ آپریشن کیا۔ادھر صادق آباد میں پولیس اور سکیورٹی ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ٹرک ڈرائیوروں کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کرلیا ۔

گرفتار کیے گئے ڈرائیوروں سخی بادشاہ اور رسول نواز افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی آڑ میں بارود پاکستان لاتے تھے اور پھر مختلف علاقوں میں سپلائی کرتے تھے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار کیے گئے ٹرک ڈرائیوروں کے دہشت گردوں کے ساتھ روابط ہیں جبکہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی سرچ آپریشن کیا گیا۔ سیالکوٹ سے حاجی پورہ کے علاقے سی10، چنیوٹ سے 24، رحیم یار خان سے 12اور پنڈی بھٹیاں 27اور کندیاں سے 25افرا د کو گرفتار کیا گیا۔

خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور تھانہ کوتوالی کی حدود میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران50افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ کراچی میں منگھوپیرکے علاقے پختون آباد اور مشکی پاڑہ میں پولیس نے گھر گھر تلاشی لی اور دو منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔واضح رہے کہ 252افغان باشندوں کو جن کے پاس دستاویزات مکمل نہیں تھیں ان کو جذبہ خیر سگالی کے تحت افغان فورسز کے حوالے کردیا گیا۔

متعلقہ عنوان :