قوم نے اپنی نوجوان نسل سے بہت سی توقعات وابستہ کی ہوئی ہیں،اقبال ظفرجھگڑا

گندھارا یونیورسٹی کے زیراہتمام ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، فارم ڈی اور ماسٹرآف پبلک ایڈمنسٹریشن کے شعبوں میں فارغ التحصیل ہونے والے طلباء وطالبات میں اسناد تقسیم

ہفتہ 25 فروری 2017 15:10

قوم نے اپنی نوجوان نسل سے بہت سی توقعات وابستہ کی ہوئی ہیں،اقبال ظفرجھگڑا
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2017ء)گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ قوم نے اپنی نوجوان نسل سے بہت سی توقعات وابستہ کی ہوئی ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ متوقع چیلنجوں کے حامل مستقبل میں کامیابی وکامرانی سے ہمکنار ہونے کے قابل بننے کیلئے اپنے آپ کو تیارکریں۔ وہ ہفتہ کے روز پشاورمیں قائم گندھارا یونیورسٹی کے زیراہتمام ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، فارم ڈی اور ماسٹرآف پبلک ایڈمنسٹریشن کے شعبوں میں فارغ التحصیل ہونے والے طلباء وطالبات کے جلسہ تقسیم اسناد کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

صوبائی اسمبلی کی ڈپٹی سپیکرڈاکٹرمہرتاج روغانی، یونیورسٹی کی چانسلر مسز روئیدہ کبیر،وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرعبدالسلام ،فیکلٹی اراکین، طلباء وطالبات اورگریجویٹس کے والدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

جبکہ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹرعبدالسلام نے ادارے کی خدمات اور کامیابیوں کے حوالے سے رپورٹ پیش کرتے ہوئے گورنراوردیگر مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔

گورنرنے فارغ التحصیل ہونیوالے طلباء وطالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ان کے والدین اور اساتذہ نے انہیں ایک کامیاب زندگی گزارنے کے قابل بنانے کیلئے تسلسل کے ساتھ انتہائی خلوص کے ساتھ کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ اب جبکہ وہ اپنی زندگی کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہورہے ہیں جو مواقع اورچیلنجوں سے بھرپور ہے، ضرورت اس امر کی بھی ہے کہ وہ جرائت کے ساتھ اپنی زندگی کے اس نئے مرحلے کا سامناکریں اور اپنے متعلقہ شعبوں میں اعلی ترین معیارکی مہارت حاصل کرنے کیلئے بھرپور محنت کریں۔

انہوں نے مزید کہاکہ گو کہ کسی مرض کا علاج معالجہ کرنا انفرادی پہلونہیں ہوسکتا لیکن کسی مریض کی دیکھ بھال کرنالازماً ایک انفرادی پہلوہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ لہذا ایک معالج اورمریض کے مابین بااعتماد تعلق بہت اہمیت کاحامل پہلوہے۔ گورنرنے کہاکہ چونکہ امراض کی تشخیص اورعلاج معالجہ باہم قریبی تعلق کاحامل پہلوہے لہذا ضرورت اس امرکی بھی ہے کہ معالجین اس ضمن میں بھی اپنے کردار کی ناگزیراہمیت کااحساس کریں۔ گورنرنے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء وطالبات ، اساتذہ اوران کے والدین کومبارکباد دی اور مستقبل میں بھی اس نوع کی مزید کامیابیوں سے ہمکنارہونے کے سلسلے میں نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔