لاہور ہائی کورٹ بار کے الیکشن میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات، پولیس و رینجرز تعینات

ہفتہ 25 فروری 2017 14:42

لاہور ہائی کورٹ بار کے الیکشن میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات، پولیس ..
لاہور۔25 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2017ء) لاہور ہائی کورٹ بار کی تاریخ میں پہلی بار ہفتہ کے روز بار الیکشن پولیس اور رینجرز کے سائے تلے منعقد ہوئے الیکشن کے دوران سیکورٹی کے انتہائی فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ سیکورٹی فورسسزنے لاہور ہائیکورٹ کی عمارت کو چاروں اطراف سے اپنے حصار میں لیے رکھا۔ پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ رینجرز کے اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد ہائی کورٹ کے اندر اور باہر موجود رہی۔

(جاری ہے)

کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نبٹنے کے لئے ایلیٹ فورس کے کمانڈوز اور رینجرز کے سنائیپرز کو تعینات کیا گیا ، سیکورٹی کے پیش نظرہائی کورٹ اور ارد گرد کی عمارتوں پر بھی سنائیپرز کو تعینات کیا گیاتھا۔ہائی کورٹ کے مرکزی گیٹ پر پولیس اہلکاروں کے ساتھ رینجرز کے اہلکار بھی تعینات رہے۔ووٹنگ کے لئے آنے والے وکلا ء کو سخت چیکنگ کے بعد ہائی کورٹ کی حدود میں داخل ہونے دیا گیا، وکلاء ووٹرز کواصل شناختی کارڈ اور بار کا کارڈ دیکھ کر ہی ہائی کورٹ کے اندر داخل ہونے دیاگیا،شناختی کارڈ کے بغیر کسی کو اندر آنے نہیں دیا جارہاتھا۔ غیر معمولی سیکورٹی کے باعث بار الیکشن کی کوریج کے لیے آنے والے میڈیا کے صحا فیوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔