تاجر برادری پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں منعقد کرنے کی بھرپور حمایت کرتی ہے‘ خالد اقبال ملک

پاکستان میں کرکٹ بحال ہونے سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بہتر ہو گا‘صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری

ہفتہ 25 فروری 2017 14:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2017ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ تاجر برادری پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں منعقد کرنے کی بھرپور حمایت کرتی ہے کیونکہ پاکستان میں کرکٹ بحال ہونے سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بہتر ہو گا۔

انہوںنے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر باجوہ نے بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ آرمی پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں منعقد کرنے کیلئے سیکورٹی فراہم کرے گی جبکہ کئی غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی لاہور میں فائنل کے انقعاد پر شرکت کی رضامندی ظاہر کی ہے لہذا حکومت پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں منعقد کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں پاکستان بھر میں دہشت گردی کی ایک لہر آئی تھی جس کا مقصد نہ صرف لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے انعقاد کوروکنا تھا بلکہ پاکستان کو اقتصادی طور پر نقصان پہنچانا بھی تھا لیکن موجودہ حکومت اور پاکستانی افواج اس سازش کو ناکام بنانے کیلئے مکمل اسطاعت رکھتی ہیں۔

خالد اقبال ملک نے پاکستان آرمی اور سیکیورٹی اداروں کی طرف سے ملک میں دہشت گردی پر قابو پانے اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی اور دیگر اداروں کی کوششوں سے نہ صرف ملک میں امن وامان کی صورت حال بہتر ہو رہی ہے بلکہ اس سے کاروباری سرگرمیاں بھی بحال کرنے میں مدد مل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کا مستقبل سی پیک کی کامیاب تکمیل سے وابستہ ہے اور پی ایس ایل کا فائنل کامیابی سے لاہور میں منعقد ہونے سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بہتر ہو گا جس سے کاروبار اور سرمایہ کاری کو فائدہ ہو گا۔ خالد اقبال ملک نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے نہ صرف عوام کو تفریح کے بہتر مواقع ملتے ہیں بلکہ اب تو کھیل کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا ایک اہم آلہ کار بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے کروڑوں اور اربوں روپے کا کاروبار وابستہ ہوتا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان میں بھی کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے سازگار حالات پیدا کئے جائیں جس سے معیشت کیلئے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔