ٹیسٹ کپتان مصباح الحق اور یونس خان اب گریڈ ’ٹو‘ کرکٹ کھیلیں گے

ہفتہ 25 فروری 2017 13:41

ٹیسٹ کپتان مصباح الحق اور یونس خان اب گریڈ ’ٹو‘ کرکٹ کھیلیں گے
لاہور (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین25فروری۔2017ء) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصبا ح الحق اور سینئر بلے باز یونس خان نے قائد اعظم ٹرافی گریڈ ’ٹو‘ سیزن کھیلنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق7مارچ سے شروع ہونے والے قائد اعظم ٹرافی گریڈ ’ٹو‘ سیزن میںمصباح الحق فیصل آباد اور یونس خان ایبٹ آباد کی جانب سے گریڈ ’ٹو‘ کرکٹ کھیلتے نظر آئیں گے، دونوں کھلاڑیوں کی زیادہ توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ اپنی ٹیموں کو چیمپئن بنوا کر ایک بار پھر قائد اعظم ٹرافی گریڈ ’ون‘ میں جگہ دلوائیں۔

72ٹیسٹ میچوں میں10سنچریوں کے ساتھ4951رنز اسکور کرنے والے مصباح الحق اس بات کا تذکرہ کر چکے ہیں کہ جس فیصل آباد نے ملکی کرکٹ کو ان سمیت سعید اجمل، محمد حفیظ اور کئی دیگر ٹیسٹ کرکٹرز دئیے، آج یہ ٹیم فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کیلئے کوالیفائی راﺅنڈ کھیل رہی ہے۔

(جاری ہے)

ایبٹ آباد کی جانب سے کھیلنے والے ٹیسٹ کرکٹرز یاسر شاہ اور جنید خان قومی ٹیم تک پہنچے اور آج ایبٹ آباد بھی ریجن گریڈ ’ٹو‘ ٹورنامنٹ کھیل رہا ہے، 9ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کی قیادت کر نےوالے یونس خان ماضی میں بھی ایبٹ آباد کےلئے کھیلتے رہے ہیں ، 34ٹیسٹ سنچریوں کے ساتھ ریکارڈ 9977رنز بنانے والے یونس خان کو 10ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرنے کیلئے صرف 23رنز درکار ہیں اوراس بات کا قوی امکان ہے کہ یونس خان دورہ ویسٹ انڈیز میں 3 میچز کی سیریز کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے 10ہزار رنز بنانے والے پہلے بیٹسمین بننے کا اعزاز حاصل کر لیں گے۔




متعلقہ عنوان :