غلطی سے سرحد پارکرنیوالی خاتون بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید

گاؤں دیاوڑہ کی رہائشی خاتون رشیدہ بی بی کا ذہنی توازن درست نہیں تھا ،ْ پولیس حکام شہریوں کے احتجاج کرنے پر بھارتی فورسز نے پاکستانی حکام کی موجودگی میں لاش ورثاء کے حوالے کر دی

ہفتہ 25 فروری 2017 12:47

غلطی سے سرحد پارکرنیوالی خاتون بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2017ء) سیالکوٹ میں غلطی سے ورکنگ باؤنڈری کراس کرنے والی معمر پاکستانی خاتون بھارت کی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی فائرنگ سے شہید ہوگئیں۔ سیالکوٹ کے تھانہ پھکلیان پولیس کے مطابق گاؤں دیاوڑہ کی رہائشی خاتون رشیدہ بی بی کا ذہنی توازن درست نہیں تھا اور وہ دو روز قبل غلطی سے راستہ بھٹک کر سرحد پار کرگئی تھیں۔

پولیس کے مطابق ورکنگ باؤنڈری کراس کرنے پر بھارتی سیکیورٹی فورسز نے خاتون پر فائرنگ کردی جس سے وہ شہید ہوگئیں۔

(جاری ہے)

خاتون کی موت کے بعد سرحدی گاوں میں شہریوں کے احتجاج کرنے پر بھارتی سیکیورٹی فورسز نے پاکستانی حکام کی موجودگی میں لاش ورثاء کے حوالے کر دی۔یاد رہے کہ گذشتہ برس اگست میں بھی بھارت کی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے غلطی سے سرحد پار کرکے بھارتی حدود میں داخل ہوجانے والے نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا تھا جس کی لاش بعدازاں پاکستان رینجرز کے حوالے کی گئی۔

گذشتہ برس ہی رینجرز سے لاہور میں ہونے والی ملاقات کے دوران بی ایس ایف نے اتفاقیہ طور پر سرحد عبور کرنے والوں کی محفوظ واپسی اور غیر اعلانیہ فائرنگ نہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا تاہم اس پر عملدرآمد نہیں کیا جاتا۔