وفاق بھی ہمارے حقوق دینے میں سنجیدہ نہیں ،مجید خان اچکزئی

گیس رائلٹی ہو یا پی پی ایل کا معاملہ ہو اب تک کھربوں روپے وفاق کے اوپر واجب الادا ہیں، مرکز ہمارے حقوق دینے سے انکاری ہے پبلک اکائونٹس کمیٹی کرپشن پر خاموش نہیں رہے گی ،جس نے بھی کرپشن کی ہے اس کا حساب لینا ہوگا،صوبہ کو ترقیاتی عمل میں سب سے زیادہ نقصان موجودہ چیف سیکرٹری نے پہنچایا ہے تمام ترقیاتی عمل میں رکاوٹیں ڈالی گئیں، نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعہ 24 فروری 2017 23:05

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 فروری2017ء) پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین مجید خان اچکزئی نے کہا ہے کہ وفاق بھی ہمارے حقوق دینے میں سنجیدہ نہیں ہے گیس رائلٹی ہو یا پی پی ایل کا معاملہ ہو اب تک کھربوں روپے وفاق کے اوپر واجب الادا ہیں لیکن مرکز ہمارے حقوق دینے سے انکاری ہیں وفاقی صوبہ کیساتھ زیادتی نہ کرے گزشتہ کئی سال سے وفاق صوبہ کے فنڈز اور وسائل کی منصفانہ تقسیم میں انصاف کے تقاضے پورا نہیں کررہا پبلک اکائونٹس کمیٹی کرپشن پر خاموش نہیں رہے گی جس نے بھی کرپشن کی ہے اس کا حساب لینا ہوگا کیونکہ صوبہ میں ماضی اور موجودہ حالات میں کھربوں روپے کرپشن ہوئی ہے صوبہ کو ترقیاتی عمل میں سب سے زیادہ نقصان موجودہ چیف سیکرٹری نے پہنچایا ہے تمام ترقیاتی عمل میں رکاوٹیں ڈالی گئیں ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ جب سے پبلک اکائونٹس کمیٹی نے صوبہ میں کرپشن کے معاملے پر تحقیقات شروع کیں تو صوبہ بھر میں کرپشن کیخلاف آوازیں اٹھنے لگیں اور ہر کوئی کرپشن کے حوالے سے خطوط رکھ رہے ہیں کہ فلاں جگہ پر اتنی کرپشن ہوئی ہے مگر بدقسمتی سے ماضی اور موجودہ حکومتوں میں جو کرپشن ہوئی ان کا ریکارڈ نہیں ملتا اور منتخب نمائندے جو عوام کے ووٹوں کے ذریعے ایوان میں بیٹھے ہیں وہ سب سے زیادہ کرپٹ ہوتے ہیں اور بے رحمی سے صوبہ کے خزانہ کو لوٹا جارہا ہے ماضی اور موجودہ حالات میں کھربوں روپے کی کرپشن ہوئی ہے جب پبلک اکائونٹس کمیٹی نے کرپشن کیخلاف تحقیقات شروع کردی تو کوئی بھی محکمہ رپورٹ دینے کو تیار نہیں تھا لیکن پبلک اکائونٹس کمیٹی نے ڈٹ کر تمام محکموں کا مقابلہ کیا جس کے بعد کرپشن میں نمایاں کمی ہوئی اور ہرکوئی ہمارے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہے انہوں نے کہا کہ وفاق نے بھی فنڈز کے حوالے سے کبھی بھی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا اور 68 سال سے ہمارے حقوق ہڑپ کئے پی پی ایل میں ساڑھے پانچ سو ارب روپے خرد برد ہوئی ہے صوبہ کا جو حق بنتا تھا اب تک وہ حق نہیں دیاجارہا اسی طرح سیندک پروجیکٹ اور سوئی سدرن گیس کمپنی میں بھی ہمارے ساتھ ناانصافیاں ہوئی ہیں کوئی آواز اٹھانے کیلئے تیار نہیں ہے پبلک اکائونٹس کمیٹی نے ہر اس حالات کامقابلہ کیا ہے جس کا کوئی تصور نہیں کرسکتا اور موجودہ چیف سیکرٹری جو کہ اب جانے والے ہیں انہوں نے صوبہ میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی ہے اور ان کا راستہ روکنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے نہ کرپشن کریں گے اور نہ کسی کو کرنے دیں گے ۔

متعلقہ عنوان :