مودی نے بھارت میں ٹرین حادثے کا ذمہ دار بھی پاکستان کو ٹھہرا دیا

حادثے کے بعد پولیس نے چند لوگوں کو بھی گرفتار کیا جن کا تعلق پاکستان کی خفیہ ایجنسی سے ہے، مودی کا انتخابی ریلی سے خطاب

جمعہ 24 فروری 2017 22:01

مودی نے بھارت میں ٹرین حادثے کا ذمہ دار بھی پاکستان کو ٹھہرا دیا
ْاترپردیش (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 فروری2017ء) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے انتخابی معرکے میں جیت کے لئے ایک مرتبہ پھر پاکستانی کارڈ کھیلنا شروع کردیا اور اپنی تقریر کے دوران کانپور میں پیش آئے مسافر ٹرین حادثے کا ذمہ دار بھی پاکستان کو ہی ٹھہرا دیا۔ریاست اترپردیش کے ضلع گوندا میں انتخابی ریلی کے دوران ہندوؤں کے جذبات بھڑکا کے لئے مودی نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کے خلاف زہر اگلنا شروع کردیا اور گزشتہ سال کانپور میں پیش آئے ٹرین حادثے کا ذمہ دار بھی پاکستان کو ٹھہرا دیا جس میں 148 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

مودی کا کہنا تھا کہ کانپور میں ٹرین حادثہ نہیں بلکہ سازش تھی جس کے تانے بانے پاکستان سے ملتے ہیں جب کہ حادثے کے بعد پولیس نے چند لوگوں کو بھی گرفتار کیا جن کا تعلق پاکستان کی خفیہ ایجنسی سے ہے۔

(جاری ہے)

ریاست انتخاب میں حکمراں جماعت سماج وادی پارٹی اور نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے جب کہ 2019 کے عام انتخابات کے لئے اترپردیش کے انتخابات کو خاصی اہمیت دی جارہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ مودی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔واضح رہے کہ بھارت کے شمالی شہر کانپور میں گزشتہ سال نومبر میں ٹرین پٹڑی سے اترجانے کے باعث 148 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔۔۔