نندی پور پاور پراجیکٹ کو سوئی گیس پر منتقل کرکے عوام کو سستی بجلی فراہم کرینگے، وزیر مملکت عابد شیر علی کی سٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو

جمعہ 24 فروری 2017 21:57

سیالکوٹ۔24 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2017ء) نندی پور پاور پراجیکٹ سے متعلق سٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں وزیر مملکت عابد شیر علی نے شرکاء اجلاس کو بتایا کہ ہم نے حکومت پاکستان اور غریب عوام کے ڈوبے ہوئے 57 ارب روپے بچائے ہیں ،انہوں نے کہا کہ جب یہ پراجیکٹ ہمارے حوالے کیا گیا تواس کی مشینری گل سڑ چکی تھی ہم نے محنت کرکے اس مردہ پراجیکٹ میں جان ڈالی اور بہت جلد اس پراجیکٹ کو سوئی گیس پر منتقل کرکے عوام کو سستی بجلی فراہم کرینگے ۔

اس منصوبہ کی سوئی گیس پر منتقلی سے بجلی کے ہر یونٹ کی کاسٹ کم ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ مارچ 2018ء میں ملک بھر سے بجلی کی لوڈشیڈنگ مکمل طور پر ختم ہو جائیگی ۔وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک سے اندھیرے ختم کرکے ملک کو روشنیوں کی طرف گامزن کرینگے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر مملکت نے مزید کہا کہ ملک کے ان حصوں میں بجلی نہیں دیں گے جو کنڈے ڈالتے ہیں اور بل ادا نہیں کرتے۔ آئندہ اجلاس میں سابق وزیر ڈاکٹر بابر اعوان‘ سیکرٹری قانون سیکرٹری واٹر اینڈ پا ور‘ چیئرمین نیب کو طلب کرلیا کہ وہ اپنی کارروائی کے متعلق سٹینڈنگ کمیٹی کو آگاہ کریں۔چیئرمین سینیٹر نعمان وزیر خٹک نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس پراجیکٹ کے متعلق تمام حقائق کی نشاندہی کرینگے۔